
راولپنڈی (نیوزڈیسک) ضلع خیبر میں سکیورٹی فورسز نے ہائی پروفائل دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کا ملک بھر میں دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف کامیاب آپریشن جاری ہے، اسی دوران ضلع خیبر میں سکیورٹی فورسز نے ہائی پروفائل دہشت گرد کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں داعش کے دہشت گرد سورت گل عرف سیف اللّٰہ کو ہلاک کر دیا، اس حوالے سے آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کمانڈر سے اسلحہ، گولا بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ دہشت گرد کمانڈر شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھا، دہشتگرد کمانڈر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا، علاقے میں موجود دوسرے دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، علاقہ مکینوں نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔
علاوہ ازیں 5 اور 6 فروری کی درمیانی رات سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گردوں کے سرغنہ ایوب اللہ منصور سمیت 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا، آپریشن کے دوران مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں مارے جانے والے یہ دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ ساتھ بھتہ خوری اور بے گناہ شہریوں کے اغوا سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم رہے، علاقےمیں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
Comments