
لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماءخواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی مل کر وفاق میں حکومت بنا لیں،کانٹوں کا تاج ہم اپنے سر پر نہیں سجا سکتے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر(ایکسں)پر اپنے ٹوئیٹ میں ان کا کہنا تھا کہ موجودہ قومی اسمبلی میں کسی کو قطعی اکثریت حاصل نہیں، وفاقی حکومت کی تشکیل مسلم لیگ (ن) کی نہیں پارلیمان میں موجود تمام جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
پی ٹی آئی رہنماءپہل کریں اور پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت بنا لیں۔ہم انہیں مبارکباد پیش کرینگے۔اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے بھی کہا تھا کہ خدا کرے ن لیگ فیصلہ کر لے کہ جس کو اکثریت دلائی گئی اسی کو حکومت بنانے کا موقع دیا جائے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن کا ایک اہم اجلاس پارٹی قائد نواز شریف کی زیر صدارت ہوا تھا جس میں شرکاءکی اکثریت کا کہنا تھا کہ ہمیں وفاقی حکومت نہیں لینی چاہیے، پنجاب میں ن لیگ، آزاد اراکین کے ساتھ مل کر آسانی سے حکومت بنا سکتی ہے، ہمیں صرف پنجاب پر فوکس کرناچاہیے۔
اجلاس میں شریک اسحاق ڈار نے کہاکہ ن لیگ کی پنجاب میں آزاد اراکین کو ساتھ ملا کر تعداد 154 ہوگئی ہے۔اس موقع پر نواز شریف نے شرکاءسے کہا کہ وفاقی حکومت بنانے کیلئے کسی اتحادی جماعت کی غیراصولی بات کونہیں ماننا چاہیے۔اجلاس میں شریک کچھ شرکا کی رائے تھی کہ وفاقی حکومت لینے کا صرف ایک مقصد ہے کہ ملک معاشی بحران کا شکار ہے، ریاست کو بچانے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ عام انتخابات کے بعد مرکز میں ن لیگ،پیپلزپارٹی ،ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں نے حکومت بنانے کا اعلان کیا تھا جبکہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے شہباز شریف کو وزیراعظم کے امیدوار کیلئے نامزد کیا تھا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) 79، پیپلزپارٹی 54، متحدہ قومی موومنٹ 17، مسلم لیگ (ق) 3، استحکام پاکستان پارٹی 2 اور بلوچستان عوامی پارٹی نے ایک نشست حاصل کی تھی۔
Comments