
اسلام آباد(نیوزڈیسک) جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان کے نام کی بطور جج سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شہزاد احمد ملک کو چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ بنانے کی منظوری دید ی گئی ۔جوڈیشل کمیشن کا اجلاس چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی صدارت میں ہوا۔جس میں سپریم کورٹ آف پاکستان میں ججز کی تقرری کے معاملے پر غور کیا گیا۔
جوڈیشل کمیشن نے اپنے اجلاس میں دونوں ناموں کی متفقہ طور پر منظوری دیکر معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیا۔خیال رہے کہ سپریم جوڈیشل کمیشن کے گزشتہ اجلاس میں بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس نعیم اختر افغان کو سپریم کورٹ لانے پر غور کیاگیا تھا۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے جسٹس نعیم اختر افغان کو بطور سپریم کورٹ جج نامزد کیا تھا۔
جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس کی تقرری پربھی غورکیا گیا تھا۔سپریم کورٹ آف پاکستان میں اس وقت 3 ججز کی نشستیں خالی ہیں، 14 ججز فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔موجودہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی آئندہ ماہ 7 مارچ کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔اس سے قبل بھی لاہور ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کیلئے سینئرجج جسٹس ملک شہزاد احمد خان کے نام کی منظوری دی گئی تھی۔صدر مملکت نے لاہور ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کیلئے نام کی منظوری دی تھی۔موجودہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی کے بیرون ملک جانے کے باعث لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس ملک شہزاد احمد خان کو قائم مقام چیف جسٹس مقرر کیا گیا تھا۔
Comments