
لاہور(نیوزڈیسک) وزارت عظمیٰ کے نامزد امیدوار اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی طور پر ملک کو مستحکم کرنا میری اولین ترجیح ہے،پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم سب نے ملکر اسے سنوارنا ہے۔سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میںکہا کہ ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنا میری اولین ترجیح ہے، ہم خدمت، دیانت اور محنت کی روایت کو آگے بڑھائیں گے، ملک کسی صورت انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا، ہم سب کو مل بیٹھنا ہوگا۔
ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کے وزارت عظمیٰ کے نامزد امیدوار شہباز شریف کا مزیدکہنا تھا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ افہام و تفہیم، باہمی اتحاد سے ہی کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے دن رات کاوشیں کی جائیں گی، ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کیلئے سب کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا، پوری تندہی، محنت اور ایمانداری سے عوام کی خدمت کریں گے۔
نامزد وزیراعظم کا مزید کہنا تھاکہ نواز شریف کی قائدانہ قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کیلئے سب کو اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا، پوری تندہی، محنت اور ایمانداری سے عوام کی خدمت کریں گے۔خیال رہے کہ حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان معاملات طے پاگئے تھے۔اسلام آباد میں شہباز شریف اور آصف زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے حکومت سازی کیلئے اپنے نمبر پورے کرلئے، وزیراعظم کیلئے شہباز شریف دونوں پارٹیوں کے متفقہ امیدوار ہوں گے جب کہ آصف زرداری صدر کیلئے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔
ملاقات میں دونوں جماعتوں نے شرائط تسلیم کر کے شراکت اقتدار کا معاہدہ طے کیا جس کے مطابق صدر مملکت کا عہدہ پیپلزپارٹی کے پاس ہوگا جبکہ وفاق میں نون لیگ کا وزیر اعظم ہوگا۔ معاہدے کے تحت صدر پاکستان آصف زرداری جبکہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف ہوں گے‘ اس کے علاوہ قومی اسمبلی کا اسپیکر نون لیگ جبکہ چئیرمین سینٹ پاکستان پیپلزپارٹی سے ہوگا۔معاہدے کے تحت پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں بنے گی جبکہ گورنرپنجاب اور گورنر خیبرپختونخوا بھی پیپلز پارٹی سے ہوگا اور گورنر سندھ مسلم لیگ(ن) کا ہو گا۔
Comments