
اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستانی حکام کو انتخابات میں دھاندلی اور مداخلت کے الزامات کی چھان بین کرنی چاہیے،امریکی ریاست میری لینڈ سے منتخب سینیٹر کرس وان ہولن نے پاکستانی سفیر کو خط لکھ ڈالا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی سفیر کے نام لکھے گئے خط میں امریکی سینیٹر کا کہنا تھا کہ منصفانہ انتخابات کے ذریعے جمہوری عمل کی حمایت اور عوام کی مرضی کا احترام کرتے ہیں۔
پاکستان کے معاشی اور سیکیورٹی چیلنجز سے متعلق فیصلوںکیلئے مضبوط حکومت کی ضرورت ہے۔انہوں نے عام انتخابات میں بھرپور حصہ لینے پر پاکستانی عوام کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔پاکستان اور امریکا کے بہت سے مفادات مشترک ہیں۔امریکی سینیٹرنے مزید کہا کہ بلوچستان میں انتخابی مہم پر حملوں کے متاثرین اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یورپی یونین اور امریکا نے بھی پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں دھاندلی اور دخل اندازی کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا تھا جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران موبائل فون سروسز کی معطلی اور پرتشدد واقعات پر تشویش ظاہر کی تھی۔
امریکی وزارتِ خارجہ کے ترجمان میتھیو مِلر کا اپنے بیان کہا کہ انتخابات میں آزادی اظہارِ رائے پر غیر معمولی پابندیاں لگائی گئیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ الیکشن میں تشدد اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی مذمت کرتے ہیں، الیکشن میں میڈیا پر حملوں اور انٹرنیٹ کی بندش کی بھی مذمت کرتے ہیں۔ یورپی یونین نے کہا کہ ’ہم بعض سیاست دانوں کے الیکشن میں حصہ نہ لے پانے، آزاد اجتماعات پر پابندی، آن لائن اور آف لائن اظہار رائے پر پابندی، انٹرنیٹ تک رسائی پر پابندی سمیت سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں اور انتخابی عمل میں سنگین مداخلت کے الزامات پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔
Comments