
لاہور (نیوزڈیسک) صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں خفیہ اطلاعات پر کیے جانے والے آپریشن کے دوران 23 دہشت گرد گرفتارکرلیے گئے، گرفتاردہشت گردوں کی ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے تصدیق کر دی، دہشت گرد مختلف اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاوہ گوجرانوالہ، میانوالی، بہاولپور، راولپنڈی، راجن پور، سیالکوٹ، فیصل آباد، چینوٹ، بہاول نگراور رحیم یار خان میں کارروائیاں عمل لائی گئیں۔
اس حوالے سے ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ لاہور سے ٹی ٹی پی اور فیصل آباد سے عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے اہم سہولت کار کو گرفتارکیا گیا ہے، دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، ہینڈ گرنیڈ، 2 ڈیٹونیٹر، حفاظتی فیوز وائر 51 فٹ، اسلحہ، گولیاں اور نقدی برآمد ہوئی جب کہ ان دہشت گردوں کی شناخت عبدالکریم، غفران، کامران، شاہ محمد، شاکر، عمران، شاہی محمد، انصاف اللہ، سمر خان، اسلم اور قدوس کے نام سے ہوئی۔
ترجمان سی ٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں، سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے، جس کے تحت رواں ہفتے 962 کومبنگ آپریشنز کے دوران 133 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، کومبنگ آپریشنز کے دوران 37 ہزار 739 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ دوسری طرف آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ "قوم کی حمایت سے مادر وطن کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں"، انہوں نے یہ بات رحیم یار خان میں جاری تربیتی مشقوں کے دورے کے دوران جوانوں سے خطاب میں کہی۔
Comments