
لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں انہیں ضرورپورا کیا جائیگا،پنجاب میں خوشحالی کا دور واپس لائیں گے،عام آدمی کو ریلیف دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف نے شاہکوٹ سے منتخب ہونے والے رکن پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور دوبارہ گنتی میں عوامی مینڈیٹ ملنے پر انہیں مبارکباد دی۔
نواز شریف نے کہا کہ ننکانہ شاہکوٹ کے عوام کو میرا سلام۔ ننکانہ جلسے میں عوام کے ساتھ جو وعدے کئے وہ مکمل کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ننکانہ میں تعلیمی ادارے بنیں گے اور صوبہ بھر میں خوشحالی کا دور واپس لائیں گے، ن لیگ نوجوانوں، کسانوں اور عام آدمی کو ریلیف دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔
حکومت نے الیکشن میں عوام سے جووعدے کئے تھے ان کی تکمیل کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عام آدمی کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جائے اور مہنگائی میں کمی لانے کیلئے حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 133 شاہ کوٹ میں دوبارہ گنتی میں مسلم لیگ (ن) امیدوار کے رانا محمد ارشد کامیاب قرار دیا تھا جبکہ آزاد امیدوار میاں عاطف نشست سے محروم ہوگئے تھے۔
ننکانہ صاحب کے حلقہ پی پی 133 میں دوبارہ گنتی کا عمل مکمل ہو گیاتھا جس میں مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا محمد ارشد کامیاب قرار پائے تھے۔ریٹرننگ آفیسر کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رانا محمد ارشد نے 44 ہزار 323 ووٹ حاصل کئے تھے جبکہ آزاد امیدوار میاں عاطف نے 41 ہزار 632 ووٹ حاصل کئے تھے۔مسلم لیگ (ن) کے رانا محمد ارشد 2 ہزار 691 ووٹوں کی برتری سے کامیاب قرار پائے تھے۔یاد رہے اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار میاں محمد عاطف فاتح قرار پائے تھے، مگر ان کی جیت کا نوٹیفیکیشن روک دیا گیا تھا۔
Comments