
اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی وزیراعظم ہاﺅس میں اہم ملاقات ہوئی،ملاقات میں افواج پاکستان کے پیشہ ورانہ اور آپریشنل امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملک کی قومی و داخلی سلامتی سے متعلق معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری منصوبوں اور غیر ملکی حکام کی سیکیورٹی سے متعلق امور زیرِ غور آئے۔
دریں اثناءوزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا دسواں اجلاس شروع ہوگیا،اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی شریک ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاءتارڑ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر توانائی اویس لغاری اورچاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریزسمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاوس میں ہونے والے ایس آئی ایف سی اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ایس آئی ایف سی اجلاس میں غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزیراعظم کا دورہ عرب امارات کے موقع پر 10 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری بارے پیش رفت پر اجلاس کو بریفنگ دیں گے۔اجلاس میں دوست ممالک کی سرمایہ کاری پر رپورٹ پیش کی جائے گی۔اجلاس میں ملک کی داخلی سیکیورٹی صورتحال پر بھی اجلاس کو آگاہ کیا جائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف اجلاس میں شریک شرکاءکواپنے حالیہ دورہ یو اے ای سے متعلق آگاہ کریں گے۔
Comments