
اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کشیدگی کم کرنے کیلئے خاموشی کا مشورہ دیدیا، بانی پی ٹی آئی کشیدگی کو بڑھانا چاہتے ہیں اور دوبارہ 9 مئی جیسی کوشش کر رہے ہیں، مجیب الرحمان سے متعلق ٹوئٹ سے پیچھے ہٹنے کی کوشس کی جا رہی ہے یہ پہلا موقع ہے کہ پی ٹی آئی کو کسی پوسٹ سے پیچھے ہٹنا پڑا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ اور جنرل فیض کو اپنا سب کچھ کہنے والے آج سارا ملبہ ان پر ڈال رہے ہیں۔خواجہ آصف کا گفتگو کے دوران مزید کہنا تھا بانی پی ٹی آئی سانحہ مشرقی پاکستان کا حوالہ دے کر کشیدگی بڑھانا چاہتے ہیں، سیاست یا کھیل میں جس نے بھی بانی پی ٹی آئی سے اچھائی کی سب کو انہوں نے ڈنگ مارا۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ٹوئیٹر(ایکس)پر اپنے آفیشل پیج سے شیخ مجیب کی ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے معاملے پر ایف آئی اے ٹیم سے ملنے سے انکار کر دیا ہے۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی سائبر کرائم ٹیم رات گئے اڈیالہ جیل پہنچی تاہم عمران خان نے ایف آئی اے کی ٹیم سے ملنے سے انکار کیا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ایف آئی اے ٹیم کے کسی بھی سوال کا جواب دینے سے انکار کیا۔ بانی پی ٹی آئی کا ایف آئی اے ٹیم کوکہنا تھاکہ کسی بھی سوال کا جواب وکلاءکی موجودگی میں دوں گا۔بعدازاں ایف آئی اے کی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا موقف تحریری طور پر حاصل کرلیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روزفیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا تھا۔ ایف آئی اے سائبرونگ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ٹوئیٹر(ایکس)پیج سے شیخ مجیب الرحمان کی پروپیگنڈا ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر انکوائری کا فیصلہ کیا تھا۔ایف آئی اے سائبر ونگ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری کا فیصلہ گزشتہ دنوں عمران خان کے آفیشل ایکس( سابقہ ٹوئٹر) ہینڈل سے شیخ مجیب الرحمان کی پروپیگنڈا ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر کیا گیاتھا۔
ایف آئی اے سائبر وِنگ کی تحقیقاتی ٹیم پی ٹی آئی کے چار لوگوں سے اِس معاملے پر بات چیت کریگی، ایف آئی اے کی ٹیم اِس معاملے پر عمران خان، بیرسٹر گوہر خان، عمر ایوب اور راوف حسن سے بات چیت کرے گی۔
Comments