
اسلام آباد (نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور پر آڈیو لیک کیس میں فردجرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں آڈیو لیک کیس کی سماعت ہوئی، جہاں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی گئی، عدالت نے علی امین گنڈاپور اور شریک ملزم اسد خان پر فرد جرم کیلئے 5 جولائی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے، عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالغفور کاکڑ نے کیس کی سماعت 5 جولائی تک ملتوی کردی۔
اسی طرح انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان، پی ٹی آئی رہنماٰ شبلی فراز ، سابق مشیر علی نواز اعوان کی تھوڑ پھوڑ کیسز میں عبوری ضمانتوں میں 5 جولائی تک توسیع کردی، اے ٹی سی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔
ادھر عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماء شبلی فراز، زرتاج گل، زین قریشی اور راجہ بشارت سمیت 20 سے زائد ملزمان کی ضمانتیں منظور کرلیں، 9 مئی کے مقدمات میں نامزد سینکڑوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا، پولیس نے 9 مئی کے مقدمات میں نامزد 500 سے زائد ملزمان کو راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جہاں تمام ملزمان کی حاضری لگائی گئی، جس کے بعد انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں شبلی فراز، راجہ بشارت، زرتاج گل اور زین قریشی سمیت 20 سے زائد ملزمان کی ضمانتیں منظور کرلیں، عدالت کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورکی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی گئی، تاہم عدالت نے انہیں اگلی سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا ۔
Comments