
اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی تحفظات کا کہہ کر بجٹ پر ووٹ بھی دے تو پھر یہ سب ڈرامہ بازی ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اگر آئندہ بجٹ کے حوالے کسی بھی قسم کے تحفظات ہیں اور وہ کہتے ہیں ان کے احساسات اور جذبات حقیقی ہیں تو پھر میں تو یہ سمجھتا ہوں کہ ان کو بجٹ پر ووٹ نہیں دینا چائیے، اگر آپ عوام اور میڈیا کو خوش کرنے کے لیے کہتے رہیں کہ تحفظات ہیں ساتھ ہی حکومت کی مدد بھی کریں اور ووٹ بھی دیں تو پھر یہ ساری ڈرامہ بازی ہے۔
اس دوران صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں شیخ وقاص اکرم نے جواب دیا کہ بجٹ اجلاس میں دیکھتے ہیں آج حکومت عوام کے ساتھ کیا کرنے جارہی ہے، اس کے بعد پھر ہمارا ردعمل بھی اس کے حساب سے ہی ہوگا، جو یہ عوام کے ساتھ کرے گی ہم بھی ان کا وہی حشر کریں گے۔
ادھر پاکستان پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ ن میں بجٹ سے متعلق معاملات طے پانے کا دعویٰ سامنے آگیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں، دونوں جماعتوں میں پارٹی قیادت کی سطح پر معاملات طے پائے ہیں، جس کے نتیجے میں پیپلز پارٹی بجٹ پاس کرانے میں ن لیگ کو بھرپور سپورٹ کرے گی اور تمام تر تحفظات کے باوجود بجٹ کے حق میں ووٹ دے گی۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ن لیگ نے پیپلز پارٹی سے رابطہ کیا اور تعاون کی درخواست کی، اس دوران حکومت کی طرف سے پی پی کی بعض تجاویز کو بھی وفاقی بجٹ کا حصہ بنانے کی یقین دہانی کرائی گئی، جس کے بعد اب پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹ میں احتجاج اور تقاریر کے باوجود بجٹ پاس کرائے گی، پیپلز پارٹی بجٹ اجلاسوں میں بھرپور تقاریر کرے گی۔
Comments