
لاہور (نیوزڈیسک) پاکستان تحریکِ انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے لاہور منتقل کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو سخت سکیورٹی میں پیر کے روز صبح سویرے لاہور منتقل کیا گیا، شاہ محمود قریشی کو لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، ان پر لاہور میں 9 مئی کے متعدد مقدمات درج ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ پولیس کی جانب سے اڈیالہ جیل میں 9 مئی کے مقدمات میں شاہ محمود قریشی سے تفتیش بھی کی جاچکی ہے، شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک نے کہا ہے کہ لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج آج لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں 9 مئی کے مقدمات کی سماعت کریں گے، شاہ محمود قریشی کو کوٹ لکھپت جیل میں قائم عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید سمیت دیگر کو تھانہ آبپارہ میں درج مقدمہ سے بری کردیا گیا، سیشن کورٹ اسلام آباد میں سابق وزیراعظم عمران خان اور دیگر کے خلاف الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج کرنے پر تھانہ آبپارہ میں درج مقدمات کی سماعت ہوئی جہاں عدالت نے بریت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
بریت پر محفوظ فیصلہ جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے سنایا، اپنے فیصلے میں عدالت نے پی ٹی آئی قائد عمران خان ، وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو مقدمے سے بری کردیا، اس کے علاوہ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سینیٹر فیصل جاوید خان اور رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی کو بھی بری کر دیا گیا جب کہ سیشن کورٹ اسلام آباد نے رکن قومی اسمبلی خرم نواز کو بھی مقدمے سے بری کردیا۔
Comments