
اسلام آباد (نیوزڈیسک) عدت کیس میں رہائی کے بعد نیب راولپنڈی نے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو گرفتار کرلیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر نیب محسن ہارون کی سربراہی میں نیب کی دو ٹیمیں اڈیالہ جیل میں گئیں، جہاں پر نیب ٹیم نے دونوں کو گرفتار ی ڈال دی ہے۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری نئے توشہ خانہ ریفرنس میں ڈالی گئی ہے۔
اس موقع پر اڈیالہ جیل کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے ، پی ٹی آئی رہنماء عمر ایوب خان اور اعظم سواتی بھی جیل کے باہر موجود تھے۔ دوسری جانب سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ توشہ خانہ سے 300 ڈالرز کی مالیت کا کوئی بھی تحفہ لے جانے کی اجازت نہیں ۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر رانا محمود الحسن کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔
قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں کیبنٹ ڈویڑن اور اس کے ماتحت اداروں کے کام کے طریقہ کار، اور گزشتہ تین سالوں کی کارکردگی سے متعلق امور کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر رانا محمود الحسن نے اراکین کمیٹی اور کیبنٹ ڈویژن اور اس کے ماتحت اداروں کے نمائندوں کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ ملکی معاملات کی بہتری کے لئے اراکین کمیٹی اور کیبنٹ ڈویڑن کے ساتھ مل کر موثر حکمت عملی اختیار کی جائے گی تاکہ معاملات احسن طریقے سے سرانجام پائیں۔
اراکین کمیٹی نے بھی چیئرمین کمیٹی کے لئے بھرپور تعاون اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اسپیشل سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن نے قائمہ کمیٹی کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کیبنٹ ڈویژن کے انچارج وزیراعظم پاکستان ہیں۔ اس کے ماتحت ادارے اور ریگولیٹری باڈیز بھی ہیں۔ قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ کیبنٹ ڈویڑن میں کابینہ، کیبنٹ کمیٹیوں، نیشنل اکنامک کونسل اور سیکرٹریز کمیٹی سے بھیجے گئے معاملات ڈیل کیے جاتے ہیں۔اس کے علاوہ صدر، وزیراعظم، وفاقی وزراء ،مشیروں اور گورنرز کی جانب سے بھیجے گئے معاملات بھی دیکھے جاتے ہیں۔ نئی بننے والی تمام وزارتوں، ڈویژن اور ان سے متعلقہ کام وغیرہ کا عمل بھی یہی سے شروع ہوتا ہے۔
Comments