
لاہور (نیوزڈیسک) پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں مزید مون سون بارشوں بارے الرٹ جاری کردیا، نیا سپیل کل 14 اگست شام سے شروع ہو گا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 14 سے 18اگست تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی توقع ہے، 15 سے 18 اگست کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں، اس دوران لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی ،سرگودھا، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں، موسمی صورتحال کے بارے صوبے بھر کی متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
اسی حوالے سے ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر تمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر کمشنرز، ڈی سیز، واسا، محکمہ آبپاشی، ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے پیشگی انتظامات مکمل کیے جارہے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں 24 گھنٹے صورتحال کی مانیٹرنگ ہو رہی ہے، عوام سے التماس ہے کہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں، پرانی عمارتوں، کھمبوں اور آسمانی بجلی کی گرج چمک سے بچائو کے لئے محفوظ مقامات پر رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ادارے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔
ادھر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بہاولپور، لودھراں اور ملحقہ علاقوں میں موسلا دھار بارش اور سیلابی صورتحال کے خدشے کے باعث این ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں کو شہریوں کی حفاظت کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے ، پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ خطرے سے دوچار تمام علاقوں میں شہریوں کیلئے حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں،انتہائی صورتحال میں اگر ضروری ہو تو شہریوں کا بروقت انخلاء یقینی بنایا جائے، جو علاقے سیلابی صورتحال کے خطرے سے دوچار ہیں، فوری ریسکیو و مدد کیلئے ضروری سامان کی ترسیل یقینی بنائی جائے۔
Comments