
لاہور (نیوزڈیسک) ٹریفک پولیس نے شہریوں کو وارننگ دی ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے پر جرمانے کے ساتھ ایف آئی آر بھی ہوگی۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سی ٹی او لاہور اطہر وحید نے کہا ہے کہ ون وے کی خلاف ورزی یا کم عمری میں ڈرائیونگ پر کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی کیوں کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد لازمی ہے،جس کے لیے برسوں سے شہریوں کو آگاہ کرتے رہے لیکن اب سختی کے نتیجے میں صرف دو دن میں پورے پنجاب میں صورتحال بہتر ہو گئی، موٹرسائیکل سواروں کی بڑی تعداد ہیلمٹ پہن رہی ہے، شہریوں میں 5 ہزار سے زائد مفت ہیلمٹ بھی تقسیم کیے گئے ہیں ، موٹرسائیکل سوارہمیشہ سڑک کے بائیں جانب سفر کریں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹریفک نظام میں طویل عرصہ سے بے ضابطگیاں موجود تھیں جنہیں اب درست کرنا ضروری ہے، سڑکوں پر غلط پارکنگ بالخصوص شادی ہالز اور تعلیمی اداروں کے باہر رانگ پارکنگ معمول بن چکا ہے اور الزام ہمیشہ ٹریفک پولیس پر لگا دیا جاتا ہے، نئے قوانین کے تحت تمام جرمانے اپڈیٹ کر دئیےگئے ہیں اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس ڈرائیونگ پر جرمانے کے ساتھ ایف آئی آر بھی درج ہوگی، شہریوں کے لیے پیغام ہے کہ ٹریفک قوانین پر ہر صورت عمل کرنا ہو گا، خلاف ورزی پر کسی قسم کا عذر قبول نہیں کیا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس پنجاب نے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کردیا ہے اور صوبے کے مختلف شہروں میں ڈرونز کے ذریعے نگرانی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیوں کو موثر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ٹریفک پولیس ایک قدم مزید آگے بڑھ رہی ہے، کم عمر ڈرائیونگ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے، ون وے کی خلاف ورزی اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے جیسے اقدامات ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی طور پر لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی اور ملتان کے زیادہ رش اور گنجان آباد علاقوں میں ڈرون کیمروں کے ذریعے ٹریفک کی صورتحال کی نگرانی کی جا رہی ہے، ڈرونز کی نشاندہی پر ٹریفک کوئیک رسپانس فورس کی خصوصی ٹیمیں فوری کارروائی کریں گی، شہری بھاری جرمانوں اور قانونی کارروائیوں سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائیں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مہم میں بھرپور تعاون کریں۔
Comments