
(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وزیر اعظم عمران خان پر کڑی تنقید کے جواب میں حکمران جماعت کے رہنماؤں نے اپنا اپنا ردعمل دیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا ہے کہ اپوزیشن کی سمجھ نہیں آ رہی کہ آخر وہ وفاق سے چاہتے کیا ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ’اپوزیشن کا مسئلہ یہ ہے کہ ان کے پاس کوئی متبادل تجاویز نہیں، بلاول بھٹو بتائیں آخر آپ وفاق سے چاہتے کیا ہیں؟ ایک طرف آپ کہتے ہیں لاک ڈاؤن صوبائی معاملہ ہے، امداد صوبائی معاملہ ہے تو آپ فیصلے کریں وفاق پر تنقید سے سیاست پہلے بھی نہیں بچی آگے بھی امکان نہیں۔‘
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ’بلاول کی پریس کانفرنس ان کی ناکامی کا اعلان ہے جس کا ذمہ دار وہ وفاق کو ٹھہرا رہے ہیں۔ لیاری سے لانڈھی تک کے عوام کی ذمہ داری فرزند زرداری آپ کی ہے اور آپ کے وزیر اعلی کی نہ کے وفاق کی۔‘
شہباز گل کا مزید کہنا ہے کہ ’ہمیں آپ کی اصل تکلیف کا احساس ہے جو آپ نے بول دی کہ ہمیں کیش نہیں دیا۔ آپ کو کیش نہیں دیا جائے گا۔ آپ کو کیش دیں تاکہ آپ پاپڑ والے کے اکاونٹ سے منی لانڈر کر دیں۔ نہیں عمران خان آپ کو یہ چوری نہیں کرنے دیں گے۔ وہ دن گئے جب خلیل خان فاختہ اڑایا کرتے تھے۔‘
Comments