Social

کن سول افسروں کو پاکستانی فوج کے لیے مختص زمینیں الاٹ کی گئیں اور کیوں؟

(ویب نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے فوجی افسران اور جوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے مختص زمینوں کا ایک بڑا حصہ 47 سول سرکاری افسران و اہلکاروں میں تقسیم کرنے کی باضابطہ قانونی منظوری دی ہے۔ یہ وہ افسران ہیں جن کے لیے زمین کی الاٹمنٹ سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف نے قانونی اور اخلاقی اعتراضات کے بعد منسوخ کر دی تھی۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی سربراہی میں پنجاب حکومت نے 30 اپریل کو کابینہ کے اجلاس میں ان سول سرکاری افسران و ملازمین کو اربوں روپے مالیت کی کم و بیش پونے آٹھ سو ایکڑ قطعہ اراضی کی الاٹمنٹ کی منظوری دی۔ پاک فوج کا محکمہ ایڈجوٹنٹ جنرل پہلے ہی ان الاٹمنٹس کی منظوری دے چکا تھا۔

دراصل سابق صدر اور فوجی آمر پرویز مشرف اقتدار سے رخصت ہونے سے قبل ان افراد کو زمینوں کی الاٹمنٹ کی منظوری دے گئے تھے۔ مگر پنجاب میں سنہ 2008 کے عام انتخابات کے بعد شہباز شریف کی سربراہی میں بننے والی حکومت نے ان الاٹ شدہ زمینوں اور سرکاری حکام پر سوال اٹھا دیا تھا اور زمینوں کی الاٹمنٹ منسوخ کرتے ہوئے پاکستان فوج کے محکمہ ایڈجوٹنٹ جنرل کو خط بھی لکھ دیا تھا۔

اب پنجاب میں دوبارہ انھی افراد کو زمینوں کی الاٹمنٹ کردی گئی ہے جن کی منظوری مشرف دورمیں ایڈجوٹنٹ جنرل کی طرف سے عمل میں لائی گئی تھی۔

پنجاب حکومت کی طرف سے حالیہ فیصلے کی روشنی میں یہ زمینیں فوج کو الاٹ کی گئیں اور فوج کی طرف سے یہ فوجی افسران یا شہدا کے اہلخانہ کے بجائے سول افسران کو الاٹ کی گئی ہیں جو اپنی نوعیت کی منفرد الاٹمنٹس ہیں۔

سرکاری طور پر پنجاب حکومت کی طرف سے جن افسران و اہلکاروں کو زمینوں کی الاٹمنٹ کی منظوری دی گئی ہے ان کا بغور جائزہ لیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ ان میں ایسے افراد بھی شامل ہیں جن کا اعلیٰ شخصیات سے براہ راست تو کوئی رابطہ نہیں تھا مگر وہ صوبائی حکومت کی طرف سے اپنے اپنے ضلعے اور محکمے کی طرف سے خالی زمینوں کی نشاندہی یا ان کی الاٹمنٹ کے مراحل میں کلیدی کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

بظاہر اس دور میں فوج میں جرنیلوں کی تعداد میں اضافے کے باعث زیادہ بڑی تعداد میں زمینوں کی ضرورت تھی اور ان سول افسران و اہلکاروں نے اپنے شب وروز خالی زمینوں کی نشاندہی میں صرف کیے اور جواب میں انھیں بھی زمینیں الاٹ کر کے خدمات کا صلہ دیا گیا۔

ایسے افراد میں گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اور محکمہ کالونیز کے کلرکوں سے لے کر ضلع کی سطح پر چھوٹے پٹواریوں تک کو نوازا گیا۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پنجاب میں سابق حکومت کے اعتراض پر یہ معاملہ سامنے آ گیا تاہم باقی صوبوں میں اس حوالے سے شہدا کی زمینیں غیر متعلقہ افراد کو الاٹ کرنے یا نہ کرنے کا معاملہ تاحال منظرعام پر نہیں آیا۔

زمینوں کی الاٹمنٹ کا انعام پانے والوں میں سب سے اہم وفاقی سیکرٹری کابینہ احمد نواز سکھیرا اور موجودہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے پرسنل سٹاف آفیسر عامر کریم خان کے ساتھ پرویز مشرف کے باورچی محمد سکندر، نائب قاصد محمود حسین، سابق قاصد نور حسین اور مالی غلام رسول بھی شامل ہیں۔

حال ہی میں تعینات ہونے والے سیکرٹری کابینہ سردار احمد نواز سکھیرا کسی زمانے میں گورنر پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری تعینات تھے۔

احمد نواز سکھیرا سے ان کا مؤقف معلوم کرنے کے لیے نمائندہ خصوصی نے متعدد رابطے کیے، ان کے دفتر میں کال بھی کی گئی اور ان کے واٹس ایپ پر پیغام بھی ارسال کیے مگر کوئی جواب نہیں آیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے پرسنل سٹاف آفیسر عامر کریم خان کو سابق دور میں حاصل پور ضلع بہاولپور میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ریونیو کے طور پر دی جانے والی خدمات کے انعام میں حاصل پور، ضلع بہاولپورمیں چک نمبر 83 اور 84 ایف میں 200 کنال قطعہ اراضی الاٹ کیا گیا ہے۔

جن افراد کو روایتی قیمتوں کے یہ پلاٹ الاٹ کیے گئے ہیں ان میں پرویز مشرف دور حکومت میں ایوان صدر و آرمی ہاوس میں خدمات سرانجام دینے والے باورچی محمد سکندر کو ہارون آباد کے چک نمبر 295/اے، 11/ آر میں 100 کنال اراضی الاٹ کی گئی ہے۔

فوج کے لیے مختص زمینوں کا سیاسی استعمال

اس فہرست میں بعض نام ایسے پٹواریوں اور دیگر افسران کے بھی ہیں جن کے بارے میں بعض انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کا تعلق اس وقت کے فوجی صدر پرویز مشرف کی حامی سیاسی جماعت مسلم لیگ قاف سے تھا اور انھیں زمینیں الاٹ کرنے کا مقصد سنہ 2008 کے عام انتخابات میں ان کی سیاسی حمایت اور اس کے ذریعے دیہی علاقوں سے ووٹ حاصل کرنا تھا۔

زمینوں کی الاٹمنٹ کے حامل خوش قسمتوں کی فہرست کو غور سے دیکھا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ زمینوں کی الاٹمنٹ سے متعلق پنجاب کے محکمہ کالونیز میں کلرکوں، ریونیو بورڈ میں تعینات چھوٹے افسران اور ضلعے کی سطح پر زمینوں کی الاٹمنٹ سے براہ راست منسلک ریونیو افسران اور پٹواریوں تک کو یہ قیمتی زمینیں الاٹ کی گئی ہیں۔


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv