Social

تاجروں پر عائد فکسڈ ٹیکس اور 1 کروڑ 71 لاکھ بجلی صارفین پر فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کردیئے گئے ہیں .شہبازشریف

دوحہ(نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ ایک کروڑ 71 لاکھ صارفین پر فیول ایڈجسمنٹ ٹیکس ختم کیا جا رہا ہے اب یہ صارفین رات میں آرام سے سوئیں قطرکے دارالحکومت دوحہ میں وفاقی وزرا کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ 30 لاکھ بڑے صارفین سے فیول سرچارج وصول کریں گے، اب مستثنیٰ صارفین کو فیول سرچارج میں ایک دھیلا بھی ادا نہیں کرنا پڑے گا.

دورہ قطر سے متعلق انہوں نے کہا کہ آج یہاں سرمایہ کاری اور تجارت کے منصوبوں پر بات چیت کی گئی تو پوچھا جاتا تھا 2019 میں ہم نے اس پر پیشکش دی تھی کیا بنا انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آئی تو ہمارے 2 ٹارگٹس تھے،پچھلی حکومت کی بدترین کارکردگی کی بنا پر ملک دیوالیہ ہونے والا تھا، اتحادی حکومت کی کاوشوں سے ملک کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ٹل چکا ہے.
شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کم کرنے کیلئے ہماری کوشش دن رات جاری ہے، اب تک ہم مہنگائی میں کمی کیلئے خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کر سکے،پوری کوشش ہے کہ مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کریں. انہوں نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں تاجروں پر جو فکس ٹیکس لگایا گیا ہے، اس کے نتیجے میں چھوٹے تاجروں کو بھی بے پناہ ٹیکس کا سامنا کرنا جو اس حکومت کی منشا نہیں تھی انہوں نے کہا کہ میں نے اس ٹیکس کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو ذمہ داران کا تعین کرے گی.
تاجروں پر فکس ٹیکس ختم کیا جا چکا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جا چکا ہے، چھوٹے تاجروں کو ہم اس مشکل میں نہیں ڈال سکتے. وزیراعظم نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی تھی اس لیے جولائی کے ماہ کے بلوں میں فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں کافی اضافہ ہوا جس سے غریب عوام کو تکلیف ہوئی انہوں نے کہا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز بھی ایک مسئلہ ہے، جب تیل باہر سے مہنگا منگواتے ہیں تو اگلے بلوں میں ایڈجسٹ کر دیا جاتا ہے.
وزیراعظم نے کہا کہ تاجروں پر بجٹ میں لگائے گئے فکسڈ ٹیکس کو ختم کیا جاچکا ہے، اس سے پیدا ہونے والے 42 ارب روپے کے خلا کو دوسرے ذرائع سے پر کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ فکسڈ ٹیکس کا مقصد تھا کہ انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کی چیرہ دستیوں سے تاجروں کو بچایا جائے. شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کے 3 کروڑ صارفین ہیں، جن میں سے 1 کروڑ 71 لاکھ صارفین کو بجلی کے بلوں کی مد میں اضافی فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز نہیں دینا پڑیں گے.
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی پر رونے دھونے سے کوئی فائدہ نہیں، انشاءاللہ پاکستان کے اچھے دن جلد آئیں گے واضح رہے کہ وزیر اعظم امیر قطرشیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی دعوت پر قطر کا دورہ کر رہے ہیں وزیر اعظم کا دورہ قطر، پاکستان قطر دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی امن کیلئے دونوں ملکوں کے تعاون کے فروغ کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے .
وزارتِ عظمی سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم کے پہلے دورہ قطر کے دوران پاکستان میں زراعت، قابلِ تجدید توانائی،ہوابازی، انفراسٹرکچر، سیاحت، لائف اسٹاک، اشیاءخوردنوش کی برآمدی صنعت و دیگر شعبوں میں قطری سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا دورہ قطر کے دوران وزیر اعظم ، امیر قطر اور قطر کی دیگراعلی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے . وزیراعظم محمد شہبازشریف سے قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے سی ای او منصور محمود نے ملاقات کی منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں فوڈ سکیورٹی ، ہوا بازی ، میری ٹائمز، توانائی ، سیاحت اور پٹرولیم کے شعبوں میں قطری سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کی گئی ملاقات میں وفاقی وزرا بھی شریک تھے .
قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف کے دوروزہ سرکاری دورے پر دوحہ پہنچنے پرقطر کے وزیر ٹرانسپورٹ جاسم سیف السلیطی نے دوحہ کے ہوائی اڈے پر وزیراعظم کا استقبال کیا . وزیراعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم امیر قطرشیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی دعوت پر قطر کا دورہ کر رہے ہیں وزیر اعظم کا دورہ قطر، پاکستان قطر دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی امن کیلئے دونوں ملکوں کے تعاون کے فروغ کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے .


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv