لاہور (نیوز ڈیسک) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر ہائوس لاہور میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور و ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ اس وقت ملک سیلاب کی تباہ کاریوں سے مشکل حالات سے دوچار ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں سب کو مل کر سیلاب زدگان بہن بھائیوں کی مدد و بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کو ریلیف دینے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر کام کر رہی ہیں، وفاقی اور صوبائی سطح پر سیلاب زدگان کے لئے جو ریلیف فنڈز قائم کئے ہیں ان میں ہر پاکستانی کو بھر پور حصہ لینا چاہئے۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ بطور چانسلر انہوں نے یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو بھی ہدایت کی ہے کہ طلبہ اور فیکلٹی ممبرز سیلاب زدگان کے لیے امدادی سامان و ریلیف فنڈز اکٹھا کرنے میں کردار ادا کریں۔
محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کا فروغ ہمیشہ مسلم لیگ ن کی ترجیح رہی ہے اور اعلیٰ تعلیم کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھال کر ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں ماحولیات ، اخلاقی تربیت، خواتین کی تعلیم، تکنیکی اور سائنسی ریسرچ کی ترقی سمیت مختلف کنسوزشیمز بنانے پر کام ہو رہا ہے۔اسی طرح یونیورسٹیوں میں ایڈہاک ازم کے خاتمے کے لیے اقدامات اٹھائے بھی جا رہے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ بطور چانسلر لوگوں کو قانون کے مطابق ریلیف دینے کے لیے التوا شدہ اپیلوں کو دگنا وقت دے کرنمٹا رہا ہوں۔اس موقع پر اپوزیشن لیڈرراجہ ریاض نے گورنر پنجاب کے پنجاب کابینہ سے حلف لینے کے اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے غلط مثالوں سے ہٹ کر ایک اچھی مثال قائم کی ہے ،آپ کا یہ فیصلہ ملک کی تاریخ میں یادگار فیصلے کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ اپوزیشن لیڈر نے گورنر پنجاب کے ماضی میں بطور وفاقی وزیر تعلیم ،تعلیمی اداروں میں قرآن پاک کی تعلیم سمیت دیگر اقدامات کو بھی سراہا۔
Comments