نیو یارک (نیوز ڈیسک) وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی سے ملاقات کی ہے،بلاول بھٹو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک میں موجود ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی سے خصوصی ملاقات کی۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر ملالہ یوسفزئی سے ہونی والی ملاقات کی تصویر شئیر کرتے ہوئے کہا کہ ملالہ سے خواتین کے حقوق اور لڑکیوں کی تعلیم پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے سیلابی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ملاقات میں سیلاب سے آب و ہوا کی تباہی سے متاثر ہونے والے لاکھوں چھوٹے بچوں کی تعلیم کو درپیش چیلنج،ہزاروں اسکول تباہ ہونے کے ساتھ ساتھ آنے والے مشکل دنوں سے نکلنے سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔
ادھر وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی کہانی دنیا کو سنانے کیلئے چند گھنٹے قبل نیو یارک پہنچا ہوں۔
یہ سیلاب کی وجہ سے بڑے انسانی المیے سے پیدا ہونے والے غم اور درد کی کہانی ہے۔ وزیر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور دوطرفہ ملاقاتوں میں پاکستان کا مقدمہ ایسے مسائل پر پیش کروں گا جن پر دنیا کی فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف نیو یارک پہنچے۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم کا خطاب 23 ستمبر کو ہوگا، وزیراعظم موسمیاتی تبدیلی سے درپیش مسائل کے حل کیلئے تجاویز دیں گےجبکہ اجلاس میں وزیراعظم مختلف ممالک کے ہم منصب اور یواین کے صدر اور سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم دورہ کے دوران بین الاقوامی میڈیا سے بھی گفتگو کریں گے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو بھی مختلف ملکوں کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کرینگے
Comments