
لاہور(نیوز ڈیسک) وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے فائرنگ کرنے والے ملزم کا ویڈیو بیان لیک کرنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیا اور زیر حراست ملزم کابیان لیک کرنے پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سمیت سارے عملے کو معطل کر دیا اور متعلقہ پولیس اسٹیشن کے افسران اور تمام عملے کے موبائل قبضے میں لے لئے گئے، موبائل فونز کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے گا۔
وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے انسپکٹر جنرل پولیس کو غیر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی ہدایت کی- وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے بیان لیک ہونے کے واقعہ کی انکوائری کا حکم دیااور ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کو ہد ایت کی کہ تحقیقات کرکے محرکات سامنے لائے جائیں۔
اعلی سطح کے اجلاس میں فائرنگ کے واقعہ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا -، سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، شفقت محمود، ایم پی اے حافظ عمار یاسر، اختر ملک،میاں محمودالرشید، آئی جی پولیس، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی محمد خان بھٹی، کمشنر لاہورڈویژن، سی سی پی او لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی- واضح رہے بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان کے کنٹینر پر وزیرآباد میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، اللہ والا چوک میں پی ٹی ائی استقبالیہ کیمپ کے قریب فائرنگ ہوئی، عمران خان کو گولی لگی ہے اور وہ بہتر حالت میں ہیں۔
گولی لگنے سے عمران خان کی ٹانگ میں زخم آیا، عمران خان کو لاہور منتقل کیا گیا، فیصل جاوید کو بھی ایک گولی لگی، عمران خان ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوئے، زیادہ تر لوگ جسم کے نچلے حصے میں گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے ایک برسٹ چلایا اور بعد میں ایک اور گولی چلائی، حملہ آور نے کالے رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے، پولیس نے حملہ آور کو تحویل میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا، پولیس کے مطابق فائرنگ سے کنٹینر کے سامنے کھڑے لوگ زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔
اسی طرح ٹی ایچ کیووزیرآباد کا کہنا ہے کہ معظم کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا، فائرنگ سے رہنماء پی ٹی آئی فیصل جاوید ،احمد چٹھہ، حمزہ، زاہد ،محمد عمران ، محمد فاروق، لیاقت اور راشد سمیت 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کا نوٹس لے لیا ہے، اور فائرنگ واقعے پر انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
Comments