
لاہور ( نیوز ڈیسک ) وزیرآباد میں چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملے کے واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ذرائع پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ عمران خان پر حملے کے ملزم کے موبائل سے اہم معلومات مل گئیں۔ملزم کے موبائل میں مذہبی سیاسی جماعت کی متعدد ویڈیوز ملی ہیں۔جماعت کے رہنماؤں کی تقاریر،کارکنوں کے نعروں پر مبنی ویڈیوز شامل ہیں۔
ذرائع پنجاب حکومت کا مزید کہنا ہے کہ ملزم نوید کے موبائل سے کیے گئے رابطوں سے متعلق بھی پتہ لگایا جا رہا ہے۔جبکہ عمران خان پر قاتلانہ حملے میں ملوث ملزم نوید کو لاہور منتقل کر دیا گیا۔ہ ملزم کو چوہنگ میں قائم سی ٹی ڈی سیل میں پہنچا دیا گیا۔سی ٹی ڈی سمیت دیگر اداروں نے ملزم سے پوچھ گچھ کی،ملزم نوید کے بیان کے بعد پولی گرافک ٹیسٹ بھی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واقعہ کا مقدمہ سی ٹی ڈی یا مقامی تھانے میں درج کرایا جائے گا۔ دوسری جانب ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں عمران خان پر ہونے والے حملے کے وقت 2 مختلف اسلحوں سے فائرنگ کیے جانے کی تصدیق ہو گئی،سیکورٹی اداروں نے وزیر آباد میں عمران خان پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کر لی۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ کنٹینر پر پستول کے علاوہ بڑے اسلحے سے بھی فائرنگ کی گئی۔
ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ سے 11 گولیوں کے خول ملے ہیں،9 خول پستول کی گولیوں اور 2 بڑے اسلحے کی گولی کے خول ہیں۔ پولیس کے مطابق پستول کی گولیاں نیچے سے اوپر کنٹینر کی طرف چلائی گئیں جبکہ بڑے اسلحے والی گولیاں کنٹینر سے نیچے کی طرف چلائی گئیں۔۔ واضح رہے گزشتہ روز تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان کے کنٹینر پر وزیرآباد میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا،اللہ والا چوک میں پی ٹی ائی استقبالیہ کیمپ کے قریب فائرنگ ہوئی،عمران خان گولی لگنے سے زخمی ہوئے اور وہ اب بہتر حالت میں ہیں۔
Comments