
لاہور(نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے گورنر ہاؤس پنجاب کی سکیورٹی وفاق کے سپرد کرنے پر غور کیا جارہا ہے، پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر گورنرہاؤس کی سکیورٹی رینجرز یا ایف سی کے سپرد کی جائے گی۔ دنیا نیوز کے مطابق وفاقی حکومت کو گورنر ہاؤس پنجاب کی سکیورٹی اور دیگر انتظامی امور وفاق کے سپرد کرنے کی تجویزدے دی گئی ہے۔
گورنر ہاؤس کی سکیورٹی رینجرز یا ایف سی کے سپرد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔ یاد رہے آج جمعہ کے روز سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کیخلاف تحریک انصاف کے کارکنوں نے مختلف شہروں میں احتجاج کیا، مظاہرین نے سڑکیں بلاک کر کے نعرے لگائے۔ راولپنڈی میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے فیض آباد انٹر چینج پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین کو منشتر کرنے کیلئے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی، جبکہ کارکنوں نے پولیس اور ایف سی اہلکار پر پتھراؤ کیا۔ پولیس نے متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔ گورنر ہاؤس لاہور کے باہر بھی مظاہرین نے احتجاج کیا، گورنر ہاؤس کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں نے ٹائروں کو آگ لگا دی۔ گورنر ہاؤس کے باہر مظاہرین نے سکیورٹی کیمرے تور دئیے۔ لاہور میں شاہدرہ چوک، بیگم کوٹ اور کلمہ چوک پر پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔
فیروز پور روڈ پر احتجاج کی وجہ سے میٹرو بس سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔ اسی طرح کراچی میں شارع فیصل پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، کارکنوں نے سڑک کو بلاک کر کے نعرے لگائے۔ مظاہرین نے اوکاڑہ، منڈی بہاؤ الدین اور گجرات میں بھی عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف احتجاج کیا۔ چیچہ وطنی اور ملتان میں بھی پی ٹی آئی کارکن سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین نے سڑکیں بلاک کر کے نعرے لگائے۔
Comments