
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ چین اور سعودی عرب نے پاکستان کو 13 ارب ڈالر کا پیکیج فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسحاق ڈار نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا ہے کہ موجودہ مالی سال میں چین قرضہ رول اوور کرنے سمیت 8 اعشاریہ 8 ارب ڈالر کی معاونت کرے گا،جبکہ چین 4 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس کی واپسی رول اوور کرے گا۔
پاکستان کو 3 اعشاریہ 3 ارب ڈالر کے چینی کمرشل قرضے بھی فراہم کئے جائیں گے،چین اس کے علاوہ 1 اعشاریہ 45 ارب ڈالر کی اضافی فنانسنگ بھی کرے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے 4 اعشاریہ 2 ارب ڈالر کی اضافی فراہم کئے جانے کا امکان ہے۔تین ارب ڈالر کے اضافی ذخائر مؤخر ادائیگی پر تیل کی سہولت شامل ہے۔
سعودی عرب گوادر میں پیٹرو کمیکل کمپلیکس بھی تعمیر کرے گا۔
چینی اور سعودی عرب کی قیادت نے وزیر اعظم شہباز شریف کو یقین دہانی کرائی ہے،دونوں ممالک جون 2023 تک پاکستان کی مالی ضروریات کا خیال رکھیں گے۔ دوسری جانب ایشین ڈویلپمنٹ بینک سے ملنے والے قرضے کی وجہ سے زرمبادلہ ذخائر میں واضح اضافہ ہو گیا ہے،ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 28 اکتوبرکو ختم ہونے والے ہفتے میں 1 ارب 51 کروڑ ڈالرز اضافے سے 14 ارب 67 کروڑ ڈالرز رہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کے اعداد و شمار جاری کئے ہیں جس کے مطابق 28 اکتوبر کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے پر سرکاری اور مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا۔ بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ کے اختتام پر پاکستان کو ایشین ڈویلپمنٹ بینک سے ڈیڑھ ارب ڈالرز کی قسط موصول ہوئی تھی،جس کی بدولت زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوا۔ 28 اکتوبرکو ختم ہونے والے ہفتے میں 1 ارب 51 کروڑ ڈالر ز کے اضافے سے ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 14 ارب 67 کروڑ ڈالر رہے۔جبکہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر 1.47 ارب ڈالر اضافے سے 8.91 ارب ڈالر رہے۔
Comments