
راولپنڈی (نیوز ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عمران کی راولپنڈی آنے کی تاخیراہم حکمت عملی کا حصہ ہے۔ ایف آئی آر نہ درج ہونے کا طعنہ دینے والوں کی اپنی سیاسی پتنگ کٹنے والی ہے،قوم سڑکوں پرہوگی اور یہ لندن میں نیا سال منا رہے ہوں گے۔ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر کہا کہ آصف زرداری نواز شریف کی خواہشیں دم توڑجائیں گی،مولانا فضل الرحمان قل پڑھائیں گے۔
وطن کیلئے کفن پہننے والے ادارے ملک بچائیں گے اور الیکشن کرائیں گے۔ سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کے اجلاس اور لندن میں ہونے والی میٹنگ اہم فیصلوں کا فائنل راؤنڈ ہے،الیکشن سے لیکر سلیکشن تک سارے اہم فیصلے اسی مہینے راولپنڈی میں ہوں گے،نااہل غیر مقبول حکومت معاشی،سیاسی اور قومی سلامتی کیلئے خطرہ اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ جتنا غیرملکی دوروں پرخرچ ہوا اُتنی امداد نہیں ملی،سپریم کورٹ آخری امید ہے۔
قبل ازیں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ 13 پارٹیاں الیکشن لڑنے کے قابل نہیں اور جھگڑنے کا بہانہ ڈھونڈ رہی ہیں۔یہ چاہتے ہیں کہ عوام اور اداروں کی لڑائی ہو اور یہ الیکشن کی مدت بڑھائیں۔ وہ لوگ بھی آج عمران خان کے ساتھ ہوگئے ہیں جو پہلے اس کے ساتھ نہیں تھے،پہلے حکومت کی پالیسیوں سے نفرت تھی،اب لوگ ان کے چہروں سے بھی نفرت کرتے ہیں۔
چوردروازے سے چوروں کو چوری سے مسلط کیا گیا۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے جو ناشائستہ زبان استعمال کی وہ عالم دین کم اورمولا جٹ زیادہ لگ رہے تھے،خوشی ہے کہ وہ ہندوستانی فلم سٹاروں سے بھی آشنا نکلے۔عمران خان پرحملہ مافیا کی آخری سازش نہیں،اسلام آباد سب کا ہے ہمیں کوئی طاقت اسلام آباد جانے سے نہیں روک سکتی۔
Comments