
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اداروں کے ساتھ ہماری کوئی لڑائی نہیں،ملک چلانے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا پڑے گا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت ہے، اداروں کے ساتھ ہماری کوئی لڑائی نہیں ہے۔انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو ہٹانے کا فیصلہ غلط ثابت ہوا۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق نگران حکومت صرف تین ماہ کے لیے آ سکتی ہے۔آئین کے اندر رہتے ہوئے 90 دن کے اندر انتخابات کرانے ضروری ہوتے ہیں۔فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ ہمارا موقف واضح ہے کہ ہم صرف انتخابات چاہتے ہیں، پاکستان میں سیاسی استحکام ضروری ہے، اگر ملک چلانا ہے تو دوبارہ مل کر کام کرنا پڑے گا۔
قبل ازیں ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا ہے کہ آئی جی پنجاب اور ڈی پی او گجرات نے نامعلوم دباؤ پر شہادتیں ضائع کردیں، شہادتیں ضائع کرنا قابل دست اندازی جرم ہے، اس پرعلیحدہ قانونی کاروائی شروع کی جا رہی ہے۔
انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ چئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وکلاء کو ہدایت کی ہے کہ وزیر آباد حملے کی ایف آئی آر کے اندراج کیلئے عدالت سے رجوع کیا جائے۔ آئی جی پنجاب اور ڈی پی او گجرات نے جس طرح نامعلوم دباؤ پر شہادتیں ضائع کیں وہ قابل دست اندازی جرم ہے جس ہر علیحدہ قانونی کاروائی شروع کی جا رہی ہے۔ یاد رہے گزشتہ روز بھی فواد چودھری نے کہا تھا کہ ہمارے نامزد کردہ نام شامل نہ کیے گئے تو ایف آئی آر قبول نہیں۔ تحریک انصاف اپنا موقف دے چکی ہے، نامزد ناموں کے بنا ایف آئی آر صرف کاغذ کا بے وقعت ٹکڑا ہو گی
Comments