
اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک کو تہس نہس کر کے امریکی سازشی بیانیے سے دستبرار ہو گئے،سازش کا بیانیہ پش پست ڈال کر بات ختم نہیں ہو گی،آپکو جواب دینا پڑے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مریم اورنگزیب نے عمران خان کے برطانوی اخبار کو دئیے گئے انٹرویو پر ردعمل میں کہا کہ جس بیانیہ پر پورے ملک میں انتشار اور جھوٹ پھیلایا،جواب دیئے بغیر صرف دستبرداری کافی نہیں۔
آج نام نہاد حقیقی آزادی کا اصل چہرہ مکمل طور پر بے نقاب ہو گیا،اقتدار کی ہوس میں ملک اور قوم کے مستقبل کو داؤ پر لگا دیا۔قوم کو جھوٹ سکھا کر اب کہتے ہیں کہ امریکی سازش والی بات ختم؟ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے سیاسی مفادات کیلئے ملکی مفادات کے ساتھ سنگین کھیل کھیلا،عمران سے سوال نہیں بلکہ آج چیئرمین تحریک انصاف کی بات پر یقین کرنے والوں کے لئے سوال ہے،چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے حامیوں کو پاگل اور بھیڑ بکریاں سمجھ رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اقتدار کی خاطر ملکی خارجہ تعلقات کو سنگین خطرات میں ڈالا۔ قبل ازیں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے چار سال قوم کو تماشہ بنائے رکھا اور اب وہ خود تماشہ بن گئے۔چیئرمین تحریک انصاف نے عوام کے روزگار اور مہنگائی پر تماشہ لگایا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے 2014 سے ملک میں تماشہ لگایا ہوا ہے تاہم اب وہ خود تماشہ بن چکے ہیں۔ اب عمران خان کے تماشے بے نقاب ہو چکے ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف نے چار سال الزام، بہتان اور جھوٹ کا تماشہ لگایا جبکہ عوام کے روزگار اور مہنگائی پر بھی تماشہ لگایا۔ملک میں نہ صرف لوٹ مار بلکہ ذاتی سیاست پر قومی مفادات قربان کرنے کے بھی تماشے لگائے گئے۔
Comments