
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) برطانیہ نے بھی پاکستان کو ہائی رسک ممالک کی فہرست سے نکال دیا، ایف اے ٹی ایف کی تمام شرائط پر عمل درآمد یقینی بنانے کے بعد گرے لسٹ سے نکلنے کے باعث برطانوی حکومت نے پاکستان کے حق میں فیصلہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں کامیاب ہونے والے پاکستان نے اب ایک اور بڑی سفارتی کامیابی حاصل کرلی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ نے پاکستان کو ہائی رسک ممالک کی فہرست سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بھی ٹوئٹ کیا گیا ہے۔
وزیر خارجہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ برطانیہ نے پاکستان کو ہائی رسک تھرڈ کنٹری لسٹ سے نکال دیا ، بلاول بھٹو نے برطانوی ادارے کی جانب سے جاری کیا گیا لیٹر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فیٹف کی تمام شرائط پر جلد سے جلد عملدرآمد کا نتیجہ ہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان 4 سال کے طویل وقت اور محنت کے بعد ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں کامیاب ہوا تھا۔ ایف اے ٹی ایف کی جانب سے بتایا گیا کہ پاکستان کو جتنے بھی ایکشن پلان دیے گئے، ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل درآمد کیا گیا، جس کے بعد پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکال کر وائٹ لسٹ میں ڈال دیا گیا۔ اس حوالے سے پاکستانی حکومت کی جانب سے اپنے ردعمل میں کہا گیا تھا کہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات پڑیں گے۔ یہاں یاد رہے کہ پاکستان کو جون 2018 میں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ڈالا گیا تھا، جس کے بعد پاکستان کو انتھک محنت سے ایف اے ٹی ایف کی وائٹ لسٹ میں واپس جانے میں 4 سال کا طویل وقت لگ گیا۔
Comments