Social

عمران خان پر قاتلانہ حملے کے ملزم نوید کا جسمانی ریمانڈ منظور،جے آئی ٹی کے حوالے کردیا

گوجرانوالہ (نیوزڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملے کے ملزم نوید کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گوجرانوالہ کی خصوصی عدالت میں وزیر آباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر فائرنگ کے مقدمے کی سماعت ہوئی، انسداد دہشت گردی عدالت گوجرانوالہ کےجج رانا زاہد اقبال نے کیس کی سماعت کی، ملزم نوید مہر کو انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، ملزم نوید کو چہرہ ڈھانپ کر عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر خصوصی عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
بتایا گیا ہے کہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر سلطان صلاح الدین ریاست کی طرف سے پیش ہوئے، دوران سماعت پولیس نے ملزم نوید سے تفتیش کے لئے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست دی تاہم خصوصی عدالت نے عمران خان قاتلانہ حملہ کیس میں ملزم نوید کا 12 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزم کو 28 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان کے کنٹینر پر وزیرآباد میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، اللہ والا چوک میں پی ٹی ائی استقبالیہ کیمپ کے قریب فائرنگ ہوئی، جس میں عمران خان کو گولیاں لگیں، اس حملے کے الزام میں موقع سے ہی ملزم نوید کو پستول کے ہمراہ گرفتار کیا گیا۔

پولیس تفتیش کے مطابق ملزم نشے کا عادی ہے، حملہ آور نے پہلے مسجد کی چھت استعمال کرنے کی کوشش کی، مسجد میں نمازِ عصر جاری تھی، پولیس نے چھت پر نہ جانے دیا، جس پر کنٹینر سے 15 سے 20 قدم کے فاصلے پر ملزم نے پورا برسٹ فائر کیا، ملزم پوری تیاری کے ساتھ آیا تھا۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں عمران خان پر ہونے والے حملے کے وقت 2 مختلف اسلحوں سے فائرنگ کیے جانے کی تصدیق ہوئی، سیکورٹی اداروں نے وزیر آباد میں عمران خان پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کرلی، ابتدائی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ کنٹینر پر پستول کے علاوہ بڑے اسلحے سے بھی فائرنگ کی گئی، جائے وقوعہ سے 11 گولیوں کے خول ملے، 9 خول پستول کی گولیوں اور 2 بڑے اسلحے کی گولی کے خول ہیں، پستول کی گولیاں نیچے سے اوپر کنٹینر کی طرف چلائی گئیں جبکہ بڑے اسلحے والی گولیاں کنٹینر سے نیچے کی طرف چلائی گئیں۔


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv