
اسلام آباد (نیوزڈیسک ) صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے اسحاق ڈار کی ملاقات ہوئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں حکومت اور پاکستان تحریک انصاف میں کشیدگی کم کرنے پر بات چیت کی گئی۔ عمران خان اور پی ڈی ایم کے موقف پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسحاق ڈار نے موجودہ صورتحال پر پی ڈی ایم کے موقف سے متعلق صدرِ مملکت کو آگاہ کیا۔
جب کہ صدرِ مملکت نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا مطالبہ اسحاق ڈار کے سامنے رکھا۔ملاقات میں آئندہ چند روزمیں ہونے والی پیش رفت سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس سے قبل گذشتہ روز اسحاق ڈار کی آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی ہے جس میں انہوں نے نوازشریف کا خصوصی پیغام پہنچایا۔۔ وزیر خزانہ وفد کے ہمراہ زرداری ہاؤس پہنچے جہاں آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور اہم تقرری و باہمی دلچسپی کے امور پر غور کیا گیا جبکہ اسحاق ڈار نے آصف زرداری کا پارٹی قائد کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔اسحاق ڈار نے وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے متعلق بات چیت ہوئی۔
اسحاق ڈار نے نوازشریف کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔ خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری وفاقی دارالحکومت پہنچ گئے ۔جمعرات کو سابق صدر آصف علی زرداری اسلام آباد پہنچے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی خصوصی طیارے سے کراچی سے اسلام آباد روانہ ہوئے ، وہ بھی اہم مشاورت کا حصہ بنیں گے۔
Comments