
اسلام آباد (نیوزڈیسک ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی ہے جس میں انہوں نے نوازشریف کا خصوصی پیغام پہنچایا۔اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر خزانہ وفد کے ہمراہ زرداری ہاؤس پہنچے جہاں آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو بھی موجود تھے۔
ملاقات میں سیاسی صورتحال اور اہم تقرری و باہمی دلچسپی کے امور پر غور کیا گیا جبکہ اسحاق ڈار نے آصف زرداری کا پارٹی قائد کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔اسحاق ڈار نے وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے متعلق بات چیت ہوئی۔اسحاق ڈار نے نوازشریف کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔
خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری وفاقی دارالحکومت پہنچ گئے ۔جمعرات کو سابق صدر آصف علی زرداری اسلام آباد پہنچے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی خصوصی طیارے سے کراچی سے اسلام آباد روانہ ہوئے ، وہ بھی اہم مشاورت کا حصہ بنیں گے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے مصطفی کھوکھر کے استعفے سے خالی نشست پر وقار مہدی کو امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ذرائع کے مطابق مصطفی نواز کھوکھر کے استعفے کے باعث سینیٹ کی خالی نشست پر الیکشن 8 دسمبر کو ہوگا ۔ پیپلز پارٹی نے وقار مہدی کو سینیٹ کی خالی نشست پر امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے منظوری بھی دیدی ۔پارٹی نے وقار مہدی کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کے کوٹے پر سینیٹ کی خالی اس نشست کے ضمنی الیکشن میں ایم کیو ایم پاکستان حصہ نہیں لے گی۔واضح رہے کہ مصطفی نواز کھوکھر نے گزشتہ ہفتے سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دیا تھا۔
Comments