
لاہور (نیوزڈیسک) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پتنگ کی قاتل ڈور نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں 20 سالہ شہزاد ڈور پھرنے سے جان کی بازی ہار گیا، جہاں پولیس پتنگ بازوں کو قابو کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ قاتل ڈور ایک اور شہری کی جان لے گئی، یہ افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقے یتیم خانہ کے قریب پیش آیا جہاں 20 سالہ شہزاد پتنگ کی قاتل ڈور پھرنے سے جاں بحق ہوگیا۔
بتایا گیا ہے کہ پولیس نے نعش کو اپنی تحویل میں لے لیا جب کہ قائم مقام آئی جی پنجاب کنور شاہ رخ نے ڈور پھرنے سے شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی، کنور شاہ رخ نے جاں بحق شہری کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ڈی آئی آپریشنز لاہور کو واقعہ کی انکوائری کرنے کا حکم دے دیا۔
حال ہی میں لاہور کے علاقہ مصری شاہ میں پتنگ بازی نے 18سالہ نوجوان کی سانسوں کی ڈور کاٹ دی تھی ، 18 سالہ مبین اپنے کزن کے ساتھ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ پتنگ کی ڈور گردن پر چھری کی طرح پِھر گئی، مبین کو ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ جاں بَر نہ ہو سکا۔
کچھ دن قبل بھی لاہور میں قاتل ڈور سے ایک نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا تھا ، یہ افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقہ اقبال ٹاؤن میں پیش آیا جہاں پتنگ کی ڈور پھرنے سے 22 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا ، نوجوان کی شناخت دانیال یاسر کے نام سے ہوئی ، دانیال کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ خالق حقیق سے جا ملا۔ معلوم ہوا کہ دانیال کی صرف 2 ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی، متوفی والدین کا اکلوتا سہارا اور 2 بہنوں کا ایک ہی بھائی تھا ، پولیس نے دانیال کی لاش کومردہ خانے منتقل کردیا، ورثاء کی درخواست پر پوسٹ مارٹم کروایا جائے گا۔
Comments