
اسلام آباد (نیوزڈیسک) عارف علوی نے آج سیاسی دانشمندی کا ثبوت دیا: خواجہ آصف صدر مملکت کے معترف۔جب عارف علوی پی ٹی آئی کے ورکر کی حیثیت سے کام کریں گے تو میرا وہ کہنا بنتا ہے اور جب وہ صدر مملکت یا سپریم کمانڈر کی حیثیت سے کام کریں گے تو میرا سراہنا بھی بنتا ہے، خواجہ آصف کی گفتگو ۔تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت نے آج جو کچھ کیا وہ سیاسی طورپر دانشمندی کا ثبوت دیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میر نے انکشاف کیا کہ صدر عارف علوی عمران خان سے ملاقات کیلئے اسلام آباد سے لاہور وزیراعظم کے طیارے میں گئے، اس پر خواجہ آصف نے جہاز جو ہے وہ پرائم منسٹر کا ہی استعمال کرتے ہیں۔
حامد میر نے کہا کہ میں تو اس بات پر تالی بجاؤں گا جس پر خواجہ آصف نے کہا کہ میں بھی بجاؤں گا۔ علاوہ ازیں حامد میر کے اس سوال پر کہ اسی پروگرام میں آپ نے کہا تھا کہ آپ عارف علوی کو اپنا صدر نہیں مانتے آج ان کی تعریف کر رہے ہیں، خواجہ آصف نے جواب دیا کہ جب وہ پی ٹی آئی کے ورکر کی حیثیت سے کام کریں گے تو میرا وہ کہنا بنتا ہے اور جب وہ صدر مملکت یا سپریم کمانڈر کی حیثیت سے کام کریں گے تو میرا سراہنا بھی بنتا ہے۔
حامد میر کے سوال پر کہ اب آپ کی صدر سے ناراضگی ختم ہوگئی ہے ؟ خواجہ آصف نے جواب دیا کہ میرا خیال ہے کہ اب حالات اس قسم کے ہونے چاہئیں کہ ہم باقی 8 ، 10 مہینے ہیں ہم اس میں ہم معاشی بحالی کی طرف جائیں۔ علاوہ ازیں پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ صدر مملک کا عہدہ غیرسیاسی اور وزیراعظم کا عہدہ سیاسی ہے، سکیورٹی سے متعلق اداروں کو اعتراض نہ ہو تو ہمیں پریڈ گراؤنڈ میں عمران خان کے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ پر مسئلہ نہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اللہ کی شان ہے اب انھوں نے دھرنا بھی نوازشریف پارک میں دینا ہے، جو کہتا ہے کہ عوام کا سمندر لے کر آؤں گا دیکھتے ہیں یہ کیسے سمندر لے کر آتا ہے ۔ واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ساحر شمشاد مرزا اور سید عاصم منیرکو فی الفور جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی۔ایوان صدر کے مطابق جنرل سیدعاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف تعیناتی کا اطلاق 29 نومبر 2022 سے ہوگا۔
ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ صدر مملکت نے ساحر شمشاد مرزا کوفی الفور جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کی بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تعیناتی کردی۔ایوان صدر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا کی بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تعیناتی کا اطلاق 27 نومبر سے ہوگا۔ واضح رہے کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اہم تقرریوں سے متعلق سمری پر دستخط کردیے ہیں جس کے بعد جنرل عاصم منیر نئے آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مقرر ہو گئے ہیں۔
اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری ہو گا، 29 نومبر کو امکان ہے ایک تقریب ہو گی، جنرل قمر جاوید باجوہ کمان نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے سپرد کریں گے۔
Comments