
اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان میں امریکی سفارتخانے نے نامزد آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو تعیناتی پر مبارکباد دی ہے۔ امریکی سفارتخانے نے جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بننے پر مبارکباد دی۔ امریکی سفارتخانے نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے منتخب سیاسی رہنماؤں اور عسکری قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
تجارت،سرمایہ کاری،صحت کی حفاظت،علاقائی سلامتی اور موسمیاتی تبدیلی کے امور میں تعاون کو مزید آگے بڑھائیں گے۔
یاد رہے کہ وزارت دفاع نے نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرریوں کے نوٹیفکیشن جاری کر دئیے ہیں ۔
وزارت دفاع نے جنرل سید عاصم منیر کی بطور آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ آف چیفس اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد کی 3، 3سال کیلئے تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سید عاصم منیر کی جنرل کے عہدے پر ترقی اور بطور چیف آف آرمی اسٹاف تعیناتی کا اطلاق 29 نومبر سے ہوگا،جنرل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف تعیناتی تین سال کیلئے کی گئی ہے۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد مرز 27 نومبر کو کمانڈ سنبھالیں گے۔وزارت دفاع کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی بطور آرمی چیف ریٹائرمنٹ کا اطلاق 29 نومبر سے ہوگا،جنرل ندیم رضا کی بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ریٹائرمنٹ کی منظوری بھی دے دی گئی،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی ریٹائرمنٹ کا اطلاق 27 نومبر سے ہوگا۔
Comments