ریاض (نیوزڈیسک ) سعودی عرب میں بہتی ہوئی وادیوں سے گاڑی چلانے پر 10 ہزار ریال جرمانے کا اعلان کردیا گیا۔ گلف نیوز کے مطابق سعودی عرب میں ٹریفک کے جنرل ڈیپارٹمنٹ نے خطرے کی گھنٹی بجا دی کیوں کہ مملکت کے کئی حصوں میں بارش ہو رہی ہے، اس حوالے سے حکام نے گاڑی چلانے والوں کو بہتی ہوئی وادیوں سے گاڑی چلانے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں پر 10 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا کیوں کہ وادیوں کو عبور کرنا ایک سنگین عمل سمجھا جاتا ہے جو شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتا ہے اور اس لیے اسے ٹریفک کی خلاف ورزی سمجھا جاتا ہے، اس جرم کی سزا 5 ہزار ریال سے 10ہزار ریال تک جرمانہ ہے۔
بتایا گیا ہے کہ موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے جمعرات کو سعودی بندرگاہی شہر جدہ میں اچانک سیلاب آیا، جس سے اسکولوں کی بندش، پروازوں میں تاخیر، ٹریفک میں رکاوٹ ہوئی اور کاریں پھنس گئیں، جس نے 2009 میں شہر کو تباہ کرنے والے بڑے اور جان لیوا سیلاب کی یاد دلادی۔
سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات (این سی ایم) کے ترجمان حسین القحطانی نے بتایا کہ ساحلی شہر میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی سب سے زیادہ بارش تھی، جہاں جمعرات کو ہونے والی بارش تقریباً 8 گھنٹے تک جاری رہی جو صبح 8 بجے شروع ہوئی شام 5 بجے تک یہ سلسلہ جاری رہا، اس دوران 179.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
سعودی سول ڈیفنس نے بھی شدید موسمی حالات کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہلکی سے تیز بارش اور تیز ہواؤں کی توقع ہے، اتھارٹی نے رہائشیوں کو ضروری حفاظتی رہنما خطوط پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور ساتھ ہی انہیں بارش کے ٹھہرے ہوئے پانی سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
Comments