
اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان پر الیکشن کمیشن کا رد عمل سامنے آگیا۔ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے صوبائی اسمبلی تحلیل ہونے پر قومی نہیں متعلقہ صوبائی اسمبلی کا الیکشن دوبارہ ہوگا۔جتنے بھی اراکین مستعفی ہوں گے، 60 روز میں ضمنی انتخابات کرا دیں گے۔
کسی بھی صوبائی حلقے میں انتخابات پر تقریبا پانچ سے سات کروڑ خرچ ہوگا، اگرچہ ایک ہی سال میں ضمنی اور انتخابات کرانا مشکل ہے مگر ہم قانون کے پابند ہیں۔ترجمان الیکشن کمیشن نے مزید کہا حلقہ بندیاں اور بلدیاتی انتخابات بھی مشکل کام تھا جو ہم نے کیا۔اسی طرح قانون کے مطابق اگر ضمنی الیکشن مشکل بھی ہے تو انتخابات کرائیں گے۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے دوبارہ انتخاب پر کم از کم ساڑھے 22 ارب کا خرچہ آئے گا۔
جبکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے تمام اسمبلیوں سے استعفوں کے اعلان کے بعد پاکستان تحریک انصاف کا اہم اجلاس آج (پیر کو )طلب کرلیا گیا ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کے مطابق عمران خان کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں سے استعفے دینے سے متعلق حکمت عملی زیر غور آئے گی، پیر کو پی ٹی آئی لیڈرشپ اجلاس کے بعد پارلیمانی اجلاسوں سے عمران خان مشاورت کریں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ملک میں کسی قسم کا انتشار پیدا نہیں کرنا چاہتے، معاشی حالات پہلے ہی بٴْرے ہیں توڑ پھوڑشروع ہو گئی تو حالات مزید خراب ہوجائیں گے، ہم ملک میں تباہی مچانے کے بجائے کرپٹ نظام سے باہر نکلیں گے، اسلام ا?باد نہیں جائیں گے، ہم اس کرپٹ سسٹم کا حصہ نہیں بنیں گے۔ تمام اسمبلیوں سے استعفوں کا اعلان کرتے ہیں۔ وزرائے اعلیٰ سے بات کی ہے، پارلیمانی پارٹی سے مشاورت کے بعد تاریخ کا اعلان کرونگا۔
Comments