
لاہور (نیوزڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ہفتہ17دسمبر کو ڈویژنل سطح پر سیاسی پاور شو کرنے کی ہدایت کردی، عمران خان بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کریں گے، عمران خان اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تاریخ کا اعلان کرسکتے ہیں۔ ہم نیوز کے مطابق جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی پنجاب حماد اظہر کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت وسطی پنجاب کی تنظیم کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سیاسی صورتحال پر بات کی اور ہفتہ17دسمبر کو ڈویژنل سطح پر سیاسی پاور شو کرنے کی ہدایت کی۔
جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی پنجاب حماد اظہر کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ہفتہ17دسمبر کو اجتماع کی تاریخ کی منظوری دے دی ہے۔ 17 دسمبر کو لاہور میں لبرٹی چوک میں اجتماع ہو گا، تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں بھی اجتماعات ہوں گے۔
حماد اظہر نے کہا کہ عمران خان اجتماعات سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کریں گے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جانب سے اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تاریخ کا اعلان کرنے کا بھی امکان ہے۔
اسی طرح پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی زیر صدارت ساہیوال، سرگودھا اور میانوالی کے اراکین اسمبلی کے ساتھ مشاورتی اجلاس ہوا۔اراکین نے اسمبلی تحلیل کے فیصلے کی توثیق کر دی۔اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کے مطابق تمام اراکین اسمبلی نے فیصلے کی توثیق کی ہے۔جب کہ عمران خان نے کہا ہے کہ اسی مہینے اسمبلی تحلیل ہونے جا رہی ہے، 20 دسمبر سے قبل اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔
ق لیگ اہم اتحادی ہے انہیں اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔مسلم لیگ ق اسمبلی تحلیل کے معاملے پر ایک پیج پر ہے۔عمران خان نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا۔یہاں واضح رہے کہ تحریک انصاف نے لبرٹی چوک میں بڑے اجتماع کا فیصلہ کیا ہے،اسمبلیوں کی تحلیل کی حتمی تاریخ کا اعلان لبرٹی چوک میں ہو گا۔سنیئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ جہاں سے حقیقی لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا وہیں اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کیا جائے گا۔
تیاریاں آخری مراحل میں ہیں،لبرٹی چوک میں اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔ عمران خان لبرٹی چوک میں اسمبلیوں کی تحلیل کا حتمی اعلان کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے حتمی مشاورت کیلئے اہم اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔پنجاب اور خیبر پختو نخوا اسمبلیاں توڑنے کا فیصلہ اجلاس میں ہو گا،فیصلہ یہ ہے کہ اسمبلیاں دسمبر میں ہی ٹوٹیں گی۔ہم اسمبلیاں تحلیل کرنے کے لئے قرارداد کی طرف جا رہے ہیں۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف دس ماہ سے الیکشن مہم کر رہی ہے،دونوں اسمبلیاں اکٹھی توڑنی ہیں یا الگ اس کا فیصلہ لیڈر شپ نے کرنا ہے۔ میری رائے ہے کہ اسمبلیاں جلد توڑ دی جائیں،اسمبلیاں تحلیل کرنا ہمارا مقصد نہیں بلکہ جلد انتخابات ہیں۔
Comments