Social

عمران خان نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو زمان پارک طلب کرلیا

لاہور (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو زمان پارک طلب کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کے بعد کے لائحہ عمل پر آج مشاورت کریں گے، جس کے لیے انہوں نے نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو زمان پارک طلب کیا ہے، جہاں عام انتخابات کے لیے ماحول ساز گار بنانے کے لیے لائحہ عمل طے کیا جائے گا، اسمبلیوں کی تحلیل اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، اس کے علاوہ بھی عمران خان مختلف وفود اور پارٹی رہنماؤں سے ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کریں گے۔
اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ امید ہے مسلم لیگ ن انتخابات سے بھاگنے کے لیے الیکشن کمیشن کا استعمال نہیں کرے گی، یہ ڈر تو ہے کہ اپنے پارٹنرز کی مدد سے ن لیگ عوام کی عدالت سے بھی مفرور نہ ہو جائے لیکن امید ہے کہ ن لیگ انتخابات سے بھاگنے کے لیے خود یا اپنے سبسڈری الیکشن کمیشن کا استعمال نہیں کرے گی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کو بھاگنے نہیں دیا جائے گا اور ان کا پیچھا کیا جائے گا، جمہوریت میں عوام کو حتمی فیصلوں کا اختیارہے، اس حق کو تسلیم کیا جائے۔ ادھر وزیراعظم نے عمران خان کے اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان پر اتحادیوں سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا، شہباز شریف نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت حکومتی اتحاد میں شامل دیگر رہنماؤں سے بھی مشاورت کریں گے۔
میڈیا رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ عمران خان کی طرف سے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان کے بعد مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے، جس میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی بھی ورچوئل شرکت کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، مسلم لیگ ن کے اجلاس میں پارٹی کی سینئر قیادت شریک ہوگی، اجلاس میں اس موقع پر اسمبلیاں تحلیل ہونے سے بچانے کیلئے معاملات پر غور کیا جائے گا، اس دوران قانونی، آئینی معاملات کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال ہوگا، اجلاس میں تحریک عدم اعتماد جمع کروانے سمیت دیگر آئینی و قانونی امور زیر بحث آئیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ اگلے جمعے کو پنجاب اور خیبرپختونخواہ اسمبلیاں تحلیل کردیں گے، اس کے بعد الیکشن کی تیاری کریں گے، ہم اپنی دو اسمبلیوں کو ملک کیلئے قربان کرتے ہیں، جب دو اسمبلیوں سے نکلیں گے تو 66 فیصد پاکستان میں الیکشن ہوگا، عقل کہتی ہے کہ پورے پاکستان میں جنرل الیکشن کروا دیں۔


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv