
لاہور(نیوزڈیسک) تحریک انصاف کے مرکزی راہنما اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ بلاول بھٹو کا اختیار نہیں کہ اسمبلی میں واپس آنے کی دعوت دیں یہ وزیر اعظم کا استحقاق ہے‘شاہ محمود قریشی نے بلاول بھٹو کی پیشکش ٹھکراتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کا اختیار نہیں کہ اسمبلی میں واپس آنے کی دعوت دیں.
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ انتخابات کی تاریخ دینے پر بات کرنے کیلئے تیار ہیں‘ الیکشن اصلاحات کیلئے بیٹھ کر تعاون بھی کریں گے انہوں نے کہاکہ اسلام آباد سے مختلف سگنلز آرہے ہیں‘کچھ دعوت دیتے ہیں کچھ دعوت سے کتراتے ہیں.
واضح رہے کہ بلاول بھٹو نے تحریک انصاف کو پارلیمنٹ میں واپسی کی دعوت دی تھی انہوں نے کہاتھا کہ عمران خان خود کو جمہوری کہتے ہیں تو واپس پارلیمان میں آئیں ، اپنا کام کریں ، ہم نے چار سال آپ کو بھگتا ، آپ نے پہلے دن ہی نخرے شروع کر دیے.
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ واپس آﺅ اپنا اپوزیشن کا کام کرو پھر سیاسی جماعتیں آپ سے بات کریں گی الیکشن اور نیب ریفارمز کیلئے اپنا حصہ ڈالو، سڑکوں پر کالعدم تنظیموں کے ساتھ گھومو گے تو مذاکرات نہیں ہوں گے، عوام کو موقع ملے گا، وہ آپ کو بھی پہچانتے ہیں اور ہمیں بھی. وزیرخارجہ کے بیان پر تحریک انصاف کی جانب سے شدید ردعمل آیا تھا پی ٹی آئی کے ترجمان اور سابق وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کی کٹھ پتلیوں نے بینظیر بھٹو کے مزار پر تماشہ لگایا ان کا کہنا تھا کہ زرداری اینڈ سن نے بینظیر کے فلسفے پر گہری ضرب لگائی، پیپلز پارٹی کی وفاقی حیثیت کو ختم کر کے ان کے دشمنوں کا مشن پورا کیا.
انہوں نے اپنے جواب میں کہا تھا کہ آج ملک میں صرف ایک وفاقی پارٹی اور ایک لیڈر ہے، لاہور سے کراچی تک عمران خان کی للکار ہے فواد چوہدری نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی بونے صرف جعلی تقریروں سے سیاست میں زندہ نہیں رہ سکتے ہیں.
Comments