
سیہون شریف (نیوزڈیسک) گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ ٹیکنوکریٹ ہو یا سیاسی حکومت،الزام کے بجائے کام ہونا چاہیے،عوام کو ریلیف دیا جائے کیونکہ آج بھی لوگ بجلی اور گیس سمیت دیگر سہولیات سے محروم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے حضرت لعل شہباز قلندر رحمتہ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام لوگوں کے درمیان اتفاق پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہوں،جلد ایم کیو ایم ایک ہوجائے گی اور سب مل کر کراچی اور سندھ کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔
حکومتیں پہلے بھی بنتی رہتی ہیں مگر عوام کیلئے کام ہونا چاہیے۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ معاشی مسئلہ ہو یا قدرتی آفات ہو،یہ صوبہ سب کو جگہ دیتا ہے،میری دعا ہے کہ ایک دوسرے سے نفرتوں کا سلسلہ ختم ہوجائے۔
لوگ نااتفاقی کی وجہ سے ترقی میں رکاوٹ بن گئے ہیں۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے ایم کیو ایم کے مختلف دھڑوں کے انضمام کی خبروں پر ردِعمل دیا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کراچی کا شہر روشنیوں کا شہر تھا،پھر کسی کو خیال آیا کہ ہماری پارٹی ہونی چاہیے۔سارے غنڈے جمع کر کے ایم کیوا یم بنا دی گئی،دہائیوں تک آگ خون کا کھیل کھیلا گیا۔رہنما تحریک انصاف نے اپنے بیان میں کہا کہ مشکل سے جان چھوٹی تھی اب پھرخیال آ رہا ہے کہ تحریک انصاف کو روکنا ہے تو بارود کا ڈھیر اکٹھا کر کے شہر میں چراغاں کی کوشش کی جائے۔
یاد رہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایم کیو ایم پاکستان کے دھڑوں کو ایک کرنے کے مشن کا آغاز کر دیا ہے۔انہوں نے سربراہ پی ایس پی مصطفٰی کمال سے اہم ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگ کراچی والوں کے دل سے اتر چکے ہیں، ہمیں دوبارہ ان کے دل میں اترنا ہے،میں صرف گزارش کر سکتا ہوں لیکن زبردستی نہیں کر سکتا۔میں جوڑنے کے لیے آیا ہوں توڑنے کے لیے نہیں،ہمیں اب آگے بڑھنا ہے پیچھے نہیں دیکھنا۔
Comments