ریاض (نیوزڈیسک) سعودی عرب کے کئی شہروں میں طوفانی بارش سے معمولات زندگی شدید متاثر، بارش کے بعد مختلف علاقوں میں انڈر پاسز عارضی طور پر بند کردیے گئے، شہریوں کو خراب موسم میں اپنی نقل و حرکت محدود رکھنے اور تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہروں ریاض، جدہ، ینبع، جموم، اللیث اور دیگر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے باعث مختلف علاقوں میں سڑکیں زیرِ آب آگئیں۔
عرب میڈیا کے مطابق بارش کے بعد مختلف علاقوں میں انڈر پاسز عارضی طور پر بند کردیے گئے ۔ جمعرات و جمعہ کی درمیانی رات گئے وقفے وقفے سے ہونے والی موسلا دھار بارش سے متعدد سڑکیں زیر آب آگئیں اور کچھ انڈرپاسز میں پانی بھر گیا۔
بارش کا پانی کھڑا ہونے سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثرہوئی۔ شہری دفاع کے محکمہ کی جانب سے احتیاطی اقدامات کے طور پرانڈرپاسز کے باہر خصوصی کشتیاں بھی کھڑی کی گئیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جاسکے۔
سعودی عرب کے محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ جمعہ کے روز جدہ میں 44 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ موسم کے باعث کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کی روانگی میں بھی تاخیر ہوئی۔ سعودی قومی مرکز برائے موسمیات کا کہنا ہے کہ جدہ اور بحرہ میں بارش کا سلسلہ آئندہ 24گھنٹوں میں بھی جاری رہنے کاامکان ہے۔ شاہراہوں پرسفرکرنے والے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اورانتہائی ضرورت کے بغیر گھر سے نہ نکلیں۔
دوسری جانب سعودی عرب میں برفباری کے موسم کا آغاز ہوگیا جس کے بعد تبوک ریجن کے پہاڑی علاقے اللوز نے سفید چادر اوڑھ لی جس کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد نے اس علاقے کا رخ کر لیا۔ دلکش ماحول اور دلکش مناظر کیلئے مشہور جنوب مشرقی سعودی عرب میں واقع صحرا الربع الخالی نے بھی برف کی چادر اوڑھ لی۔ یہاں یاد رہے کہ گزشتہ برس سعودی عرب یورپ پر اثرانداز ہونے والی انتہائی شدید سردی کی لہر سے متاثر ہوا تھا، گزشتہ برس مملکت میں شدید سردی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے تھے۔ جبکہ رواں سال بھی موسم سرما کے آغاز کے بعد سے مملکت کے کئی علاقوں میں موسم شدید سرد ہو چکا۔
Comments