ریاض(نیوزڈیسک) آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات ہوئی ہے۔ سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ ملاقات کے موقع پر سعودی وزیر دفاع نے جنرل عاصم منیر کو پاکستانی فوج کا سربراہ بننے پر مبارکباد دی، اس دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور پائیدار کرنے پر زور دیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف بننے کے بعد جنرل عاصم منیرکا یہ پہلا غیرملکی دورہ ہے، جہاں ریاض میں ہونے والی ملاقات میں سعودی عرب کی فوج کے سربراہ اور دیگر حکام بھی موجود تھے، ملاقات میں برادر ملکوں کے درمیان فوجی اور دفاعی تعاون بڑھانے اور سپورٹ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر مشترکہ تشویش کے اہم ترین علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی بات چیت کی گئی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے لکھا کہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی، اس ملاقات میں ہم نے دونوں برادر ملکوں کے درمیان سٹریٹیجک پارٹنرشپ پر زود دیا، جس کے لیے دوطرفہ فوجی اور دفاعی تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور اپنے تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے معلوم ہوا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ہیں، ان کا یہ دورہ 4 سے 10 جنوری تک جاری رہے گا، اس دوران جنرل عاصم منیر دونوں ممالک کی سینئر قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے، جن میں باہمی دلچسپی کے امور، فوجی تعاون، دو طرفہ تعلقات اور سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
Comments