
کراچی (نیوزڈیسک) سونے کی فی تولہ قیمت میں یکدم ہزاروں روپے کی بڑی کمی ہو گئی ہے۔ سندھ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 5 ہزار200 روپے کی کمی کے بعد ایک لاکھ 83 ہزار400 روپےہو گئی۔ جب کہ 10گرام سونےکی قیمت 4 ہزار 458 روپے کی کمی کے بعد ایک لاکھ 57 ہزار 236 روپے ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ ہفتوں سے ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ روز بھی قیمت 900 روپے بڑھی تھی۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کےمطابق گزشتہ روز ملک میں فی تولہ سونے کا بھاؤ 900 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 88 ہزار 600 روپے ہو گئی تھی۔ اس کے علاوہ 10 گرام سونےکا بھاؤ 772 روپے اضافے سے ایک لاکھ 61 ہزار 694 روپے ہو گیا تھا۔
ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 29 ڈالر اضافے سے 1862 ڈالرفی اونس ہے۔ دوسری جانب ملک میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی انٹربینک میں ڈالر 17 پیسے مہنگا ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا بھاؤ 17 پیسے بڑھ کر 227 روپے 12 پیسے ہوگیا ہے۔ گذشتہ روز ڈالر کا بھاؤ 226 روپے 95 پیسے تھا۔ علاوہ ازیں اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 236 روپے برقرار ہے۔
Comments