
لاہور (نیوزڈیسک) لاہور کا موسم لندن سے بھی زیادہ سرد ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کا دارالحکومت لاہور ان دنوں قلفی جما دینے والی سردی کی لپیٹ میں ہے، شہر میں گزشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور کا درجہ حرارت دنیا کے سرد ترین شہروں میں شمار ہونے والے لندن کے درجہ حرارت کے مقابلے میں بھی کم ریکارڈ کیا گیا۔
لاہور کا درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جبکہ برطانوی دارالحکومت کا درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ جبکہ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے ملک کے کئی علاقوں میں خون جما دینے والی سردی پڑ رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 14ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ادھر کوئٹہ میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اسلام آباد میں درجہ حرارت 10سنٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، مری میں منفی ایک، فیصل آباد اور ملتان میں 3، کراچی اور حیدرآباد میں 15، سکھر میں 5اور مٹھی میں 2ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
قلات منفی 7 اور سبی میں چار ریکارڈ کیا گیا، پشاور 7، دیر میں منفی 4، اور ایبٹ آباد میں منفی 2ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گلگت میں 3 اور ہنزہ میں منفی 8سینٹی گریڈ رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بادلوں کا راج رہے گا، اسلام آباد میں موسم سرد اور شام میں بوندا باندی کا امکان ہے، جبکہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران خطہ پوٹھوہار میں ہلکی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے، جب کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دیر، چترال، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد، پشاور، چارسدہ اور کوہاٹ میں بارش اور برفباری متوقع ہے، جب کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
سندھ ،پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی شدید دھند چھائی کا راج ہے ۔موٹروے حکام کے مطابق لاہور اسلام آبادموٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ سرور، پنڈی بھٹیاں فیصل آباد موٹروے ایم 3، درکھانہ سیجڑانوالہ اور سکھر ملتان موٹروے ایم 5، شیر شاہ سے ظاہر پیر تک بند ہے۔فیصل آباد ملتان موٹروے ایم 4 مکمل بند کردی گئی ، قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئیں۔
Comments