
لاہور (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے مسلم لیگ ق کے رہنماء چوہدری مونس الہیٰ اور ان کے خاندان کو ہراساں کیے جانے کی شدید مذمت کردی۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مونس الہیٰ اور ان کے خاندان پر دباؤ بڑھانے کیلئے انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے، تحریک انصاف اس کی شدید مذمت کرتی ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت کو برقرار رکھنے کیلئے اسٹیبلشمنٹ کے پاس طاقت کے استعمال کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، لہذا سیاسی قیادت کے خلاف بہیمانہ طاقت استعمال کی جار ہی ہے لیکن یہ ظلم زیادہ دیر نہیں چلے گا۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہی نے کہا ہے کہ میری والدہ، اہلیہ، بھائی اور بھابھی کو نو فلائی لسٹ پر ڈال دیا گیا ہے، ایف آئی اے نے میری اہلیہ، بھائی اور بھابھی کو جو نوٹس بھیجے وہ اس کا جواب دے رہے ہیں، یہ سارے نوٹسز اس کیس میں بھیجے ہیں جنہیں عدالتیں اُڑا چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سب تو ایف آئی اے ہی کرتی ہے مگر ان میں اتنی صلاحیت نہیں کہ خود سے یہ سب کرے، ایف آئی اے کو بہتر جانتا ہوں حال ہی میں کیس بُھگتایا ہے۔ گزشتہ دنوں مونس الٰہی نے فرنٹ مینوں کے خلاف انکوائری کے آغاز پر ردِعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ راناثناء اللہ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، انہوں نے راناثناء اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رانا صاحب یہ وہی کیس ہے جو ہائیکورٹ نے خارج کر دیا ہے، پی ڈی ایم والو جب ہم پنجاب میں اپوزیشن میں تھے تب بھی آپ لوگوں سے نہیں ڈرے، کرلو جو ہوتا ہے ہم چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
Comments