Social

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات

ریاض (نیوزڈیسک) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر غور کیا گیا۔ سعودی پریس ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے العلا کے سرمائی کیمپ میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا خیر مقدم کیا، جہاں ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور انہیں ترقی دینے کے مواقع کا جائزہ لیا گیا، اس کے علاوہ مشترکہ تشویش کے امور بھی اس ملاقات میں زیر بحث آئے۔
بتایا گیا ہے کہ اس موقع پرسعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر مملکت، کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیرڈاکٹرمساعد بن محمد العیبان بھی موجود تھے جب کہ پاکستان کی طرف سے میجر جنرل محمد عرفان، سعودیہ میں پاکستانی سفیر امیر خرم راٹھور، پاکستانی سفارتخانے میں ملٹری اتاشی بریگیڈیئر محمد عاصم نے اس ملاقات میں شرکت کی۔



اس سے پہلے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا کیا، آرمی چیف کیلئے خصوصی طور پر بیت اللہ کا دروازہ بھی کھولا گیا، جہاں انہوں نے بیت اللہ کے اندر نوافل ادا کیے۔
یاد رہے آرمی چیف بننے کے بعد جنرل عاصم منیرکا یہ پہلا غیرملکی دورہ ہے، اس حوالے سے پاکستان کے دفتر خارجہ نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے سمیت دیگر تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات کثیرجہتی ہیں جن میں دفاع کا شعبہ بھی شامل ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، جس کی جڑیں تاریخ اور مشترکہ مذہب پر مبنی ہیں۔
دورہ سعودی عرب کے دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے بھی ملاقات ہوئی، اس موقع پر سعودی وزیر دفاع نے جنرل عاصم منیر کو پاکستانی فوج کا سربراہ بننے پر مبارکباد دی، اس دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور پائیدار کرنے پر زور دیا گیا۔ ریاض میں ہونے والی ملاقات میں سعودی عرب کی فوج کے سربراہ اور دیگر حکام بھی موجود تھے، ملاقات میں برادر ملکوں کے درمیان فوجی اور دفاعی تعاون بڑھانے اور سپورٹ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر مشترکہ تشویش کے اہم ترین علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی بات چیت کی گئی۔
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا کہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی، اس ملاقات میں ہم نے دونوں برادر ملکوں کے درمیان سٹریٹیجک پارٹنرشپ پر زود دیا، جس کے لیے دوطرفہ فوجی اور دفاعی تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور اپنے تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے معلوم ہوا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ہیں، ان کا یہ دورہ 4 سے 10 جنوری تک جاری رہے گا، اس دوران جنرل عاصم منیر دونوں ممالک کی سینئر قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے، جن میں باہمی دلچسپی کے امور، فوجی تعاون، دو طرفہ تعلقات اور سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv