ابوظہبی (نیوزٰسک) متحدہ عرب امارات نے پاکستان کی 2 ارب ڈالرز قرض کی ادائیگی مؤخر کردی، وزیراعظم سے ملاقات میں یو اے ای کے صدر نے 1 ارب ڈالر اضافی قرض فراہم کرنے پر بھی اتفاق کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم سہباز شریف کی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات ہوئی، جس میں اماراتی صدر نے 2 ارب امریکی ڈالرز کے موجودہ قرض کو رول اوور کرنے اور 1 ارب ڈالر اضافی قرض فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی، اس دوران انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیش رفت کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا جب کہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور رفتار فراہم کرنے کے لیے ہر سطح پر دو طرفہ تبادلوں اور باقاعدہ بات چیت کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی جس پر انہوں نے رضامندی ظاہر کی تاہم اس دورے کی تاریخوں کا فیصلہ سفارتی ذرائع کی جانب سے کیا جائے گا اور دورے کی تاریخ طے پانے کے بعد اماراتی صدر کے جلد دورہ پاکستان کا امکان ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے 2 روزہ دورے پر ابو ظہبی پہنچے تو ہوائی اڈے پر امارات کے وزیر اقتصادی امورعبداللہ طوق المری اور پاکستانی سفارت خانے کے افسران نے وزیراعظم کا استقبال کیا، وزیر اعظم محمد شہبازشریف متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم سے بھی ملاقات کریں گے جب کہ وزیراعظم تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے اماراتی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
معلوم ہوا ہے کہ دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے ساتھ مختلف شعبہ جات میں مزید سرمایہ کاری پر بھی گفتگو ہوگی، اماراتی تاجروں، سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروبار، مزید سرمایہ کاری پر راغب کیا جائے گا، پاکستانی ہنر مند ،تعلیم یافتہ افرادی قوت کی کھپت اور مواقع کی فراہمی پر زور دیا جائے گا جب کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارتی حجم بڑھانے پر بھی کلیدی پیشرفت کا امکان ہے۔
Comments