
پشاور (نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ کے پی کے اسمبلی پنجاب اسمبلی کے بعد تحلیل ہو گی۔ایکسپریس نیوز کے مطابق محمود خان نے ایک بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی اس وقت تحلیل ہو گی جب پنجاب اسمبلی کی تحلیل کا نوٹیفیکیشن جاری ہوگا۔اس کے بعد گورنر کےپی کے کو اسمبلی تحلیل کے لیے سفارش بھیج دوں گا۔
قبل ازیں انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کا سپاہی ہوں، حکم کا انتظار کر رہا ہوں، حکم ملتے ہی اسمبلی تحلیل کرنےکی ایڈوائس گورنر کو بھیج دوں گا۔محمودخان نے نجی ٹی وی چینل جیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا سپاہی ہوں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کیلئے ہفتے کو سمری بھیجے جانے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل بھی عمران خان کے فیصلے کے تحت ہوگی اور جیسے ہی پنجاب اسمبلی تحلیل ہوتی ہے تو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سمری گورنر کو بھیج دیں گے تاہم گورنر نے اس سمری پر دستخط نہ بھی کیے تو 48 گھنٹے بعد اسمبلی خود بخود تحلیل ہو جائے گی۔ پی ٹی آئی ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے ساتھ خیبرپختونخواہ اسمبلی بھی تحلیل کردی جائے گی، 90 دنوں میں پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں عام انتخابات ہونے جار ہے ہیں، عبوری حکومت کیلئے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو خط لکھ رہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی ملاقات کے بعدزمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے اسمبلی توڑنے کی سمری پر دستخط کردیے، گورنر نے دو دنوں میں سمری منظور نہ کی تو اسمبلی 48 گھنٹوں میں خود بخود ٹوٹ جائے گی، عوام نے کیا وعدہ پورا کردیا ہے، اسی طرح پنجاب اسمبلی کے ساتھ خیبرپختونخواہ کی اسمبلی کو بھی تحلیل کردیا جائے۔
Comments