ابوظہبی(نیوزڈیسک) وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے دورے کا مقصد تجارتی،معاشی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے اپنے ایک پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ یواے ای کے میرے دورے کا مقصد صدر شیخ محمد بن زاید کے ساتھ ہونے والی گفتگو کو آگے بڑھانا ہے انہوں نے کہاکہ ہم اس عزم اور فہم کاادراک رکھتے ہیں کہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے.
قبل ازیں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد زید النہیان نے پاکستان کے2 ارب ڈالر کے موجودہ قرض کی مدت میں توسیع ( رول اوور) اور ایک ارب ڈالر کے اضافی قرضہ فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے. وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ا بوظہبی کے دورہ کے پہلے دن متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد زید النہیان سے ملاقات کی یو اے ای کے صدر نے وزیراعظم کا ابوظہبی میں خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا.
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کی گرانقدر خدمات کی تعریف کی وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برادر ملک کے دورہ کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر کا شکریہ ادا کیا اس موقع پر دونوں راہنماﺅں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان موجودہ برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا.
دونوں راہنماﺅں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا دونوں راہنماﺅں نے سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید وسعت دینے ، شراکت داری کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیشرفت کی رفتار پر بھی اطمینان کا اظہار کیا جبکہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور ہر سطح پر دوطرفہ تبادلوں اور باضابطہ بات چیت کی اہمیت پر اتفاق کیا.
اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر نے 2 ارب ڈالر کے موجودہ قرض کی مدت میں توسیع ( رول اوور) اور ایک ارب ڈالر کے اضافی قرض کی فراہمی پر بھی اتفاق کیا وزیراعظم شہبا ز شریف نے یو اے ای کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جس پر انہوں نے رضامندی کا اظہار کیا جس کیلئے تاریخ کا تعین سفارتی ذرائع کے ذریعے کیا جائے گا. دریں اثناءوزیراعظم نے دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم ونائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم سے دبئی میں ملاقات کی وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اس موقع پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے دونوںممالک کے تعلقات کو تمام شعبوں میں مستحکم کرنے کے لئے مزید مواقع تلاش کرنے پر زور دیا .
انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کرنے اور انہیں ٹھوس شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لئے دونوں ممالک کے نجی شعبے کے درمیان رابطے کو تیز اور مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا شیخ محمد بن راشد المکتوم نے وزیراعظم کا دبئی میں خیرمقدم کیا اور ان کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا. وزیراعظم نے ان کا اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کو ایک قابل اعتماد سیاسی اور اقتصادی شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے.
انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید گہرا کرنے کے لئے مزید مواقع تلاش کرنے پر بھی زور دیا دونوں راہنماﺅں نے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچانے کے لئے موجودہ دوطرفہ تعلقات کو ہر سطح پر بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کرنے اور انہیں ٹھوس شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لئے دونوں ممالک کے نجی شعبے کے درمیان رابطے کو تیز اور مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا.
شیخ محمد بن راشد المکتوم نے پاکستانی کمیونٹی کی لگن اور محنت کی تعریف کی جس نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی تعلقات کو سراہا اور دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا وزیر اعظم نے شیخ محمد بن راشد المکتوم کو باہمی طور پر مناسب تاریخوں پر دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا.
بعد ازاں متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں سے وفد کے ساتھ ملاقات میں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، ہماری حکومت سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق ، وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ سالک حسین اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی.
وفد میں ابوظہبی ڈویلپمنٹ ہولڈنگ کمپنی (اے ڈی کیو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد حسن السویدی اور انٹرنیشنل ہولڈنگز کمپنی (آئی ایچ سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر سید بصر شعیب اور دیگر شامل تھے . وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور ہماری حکومت سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے ملاقات کے دوران وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی.
وفد کو خوراک اور زراعت، ہوا بازی، بجلی، متبادل توانائی بشمول شمسی توانائی، مالیاتی خدمات، صحت کی دیکھ بھال، صنعت، لاجسٹکس، رئیل اسٹیٹ کے شعبوں میں پاکستان کی جیو اکنامک صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی محمد حسن السویدی نے اے ڈی کیو کی عالمی موجودگی کو بڑھانے اور پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے حوالے سے دلچسپی ظاہر کی اے ڈی کیو مشرق وسطیٰ کے خطے کی سب سے بڑی ہولڈنگ کمپنیوں میں سے ایک ہے جس کے پاس ابوظہبی کی نان آئل معیشت کے کلیدی شعبوں کا احاطہ کرنے والے بڑے کاروباری اداروں کے متنوع پورٹ فولیو ہیں.
Comments