
کراچی (نیوزڈیسک) سندھ حکومت نے 15 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا،سندھ حکومت نے خط میں کراچی اور حیدرآباد میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن کو ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے خط میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی انتظامات میں مسائل درپیش ہیں،کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ ہو سکتا ہے،اس لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہونے تک بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جائیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا،الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی ہوں گے جبکہ اجلاس میں سندھ کی درخواست اور نوٹیفکیشنز پر غور کیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز کی تعیناتی یقینی بنائی جائے،15 جنوری کو الیکشن کرانے سے متعلق ایک آرڈر جاری کر رہے ہیں۔ یہ بھی خیال رہے کہ سندھ حکومت نے کراچی،حیدر آباد، دادو میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن واپس لے لیا ۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی وزرا کا مشاورتی اجلاس ہوا۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی،حیدرآباد اور دادو میں15 جنوری کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جارہے ہیں تاہم سندھ کے باقی اضلاع میں الیکشن معمول کے مطابق ہوں گے۔ سندھ میں امن و امان کی صورتحال اور بلدیاتی انتخابات سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔سندھ حکومت نے کراچی کی حلقہ بندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن واپس لے لیا،ایم کیوایم کو ڈی لمیٹیشن پر تحفظات ہیں،چاہتے ہیں کہ اتحادیوں کے مطالبات کو سنجیدہ لیا جائے۔
Comments